منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

حملے کا خطرہ، برطانیہ میں دوسرے امریکی فوجی اڈے سے بھی طیارے منتقل

تازہ ترین
حملے کا خطرہ، برطانیہ میں دوسرے امریکی فوجی اڈے سے بھی طیارے منتقل

ممکنہ حملے کے خطرے کے پیشِ نظر امریکا نے برطانیہ میں اپنے دوسرے فوجی اڈے سے بھی طیارے منتقل کر دیے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکا نے گزشتہ روز برطانیہ کے آر اے ایف ملڈن ہال فوجی اڈے سے اپنے طیارے منتقل کیے۔

اس سے قبل آر اے ایف لیکن ہیتھ سے بھی امریکی طیاروں کی نقل و حرکت کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔

امریکا کو برطانیہ کے فوجی اڈے پر حملے کے خدشات

امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق امریکی عہدیدار نے بتایا ہے کہ دونوں فوجی اڈوں پر امریکی اہلکاروں اور تنصیبات کے تحفظ کے لیے اضافی حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق ان اقدامات کی تفصیلات آپریشنل سیکیورٹی کے باعث ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔

امریکی فوجی کمانڈ کا کہنا ہے کہ طیاروں کو مشقوں یا حقیقی فوجی کارروائیوں سمیت مختلف وجوہات کی وجہ سے ایک اڈے سے دوسرے مقام پر منتقل کیا جا سکتا ہے۔

رپورٹس کے مطابق متعدد کے سی 135 طیارے ملڈن ہال سے جرمنی اور اسکاٹ لینڈ کی جانب روانہ ہوئے، جبکہ سی وی 22 بی طیارے ملڈن ہال سے لیکن ہیتھ منتقل کیے گئے۔

برطانوی فوجی اڈے آر اے ایف لیکن ہیتھ کی انتظامیہ نے مقامی آبادی سے مشتبہ سرگرمیوں، خصوصاً اڈوں کے قریب غیر مجاز ڈرون پروازوں کی اطلاع دینے کی اپیل بھی کی ہے۔

گزشتہ ماہ امریکا نے برطانیہ کے آر اے ایف فیئر فورڈ ایئربیس سےایران کے خلاف حملوں میں استعمال ہونے والے تمام بی 1 بمبار طیارے واپس امریکا منتقل کردیے تھے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ