منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کو 1 ہی دن میں 7.4 ارب ڈالرز کا نقصان

تازہ ترین
اینویڈیا کے سربراہ جینسن ہوانگ کو 1 ہی دن میں 7.4 ارب ڈالرز کا نقصان

سی ای او اینویڈیا جینسن ہوانگ — فائل فوٹو

اینویڈیا کے سربراہ (سی ای او) جینسن ہوانگ کو 1 ہی دن میں 7.4 ارب ڈالرز کے مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے، جس کے نتیجے میں وہ دنیا کے امیر ترین افراد کی فہرست میں 2 درجے نیچے آ گئے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق جینسن ہوانگ کی دولت میں یہ نمایاں کمی اینویڈیا کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے بعد سامنے آئی ہے، جبکہ کمپنی کے سربراہ کی ذاتی زندگی سے متعلق تنازع اور مبینہ چینی جاسوس سے روابط کی تحقیقات نے بھی سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر لی ہے۔

فوربز میگزین کی ارب پتی افراد کی فہرست کے مطابق 9 نومبر کو کاروباری سرگرمیوں کے ابتدائی نصف گھنٹے میں جینسن ہوانگ کی مجموعی دولت 162.2 ارب ڈالرز سے کم ہوکر 154.7 ارب ڈالرز رہ گئی ہے، جس کے بعد وہ 8 ویں سے 10ویں نمبر پر آ گئے۔

اس دوران وہ برکشائر ہیتھ وے کے سربراہ وارن بفٹ اور اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن سے بھی پیچھے چلے گئے۔

واضح رہے کہ حال ہی میں جینسن ہوانگ نے اپنی اہلیہ لوری ہوانگ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے اہلِ خانہ سے معذرت کی ہے۔

اینوڈیا سربراہ کے چینی خاتون سے تعلقات اور جاسوسی الزامات نے ہلچل مچادی

ان کا یہ اعتراف ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکی انٹیلیجنس اداروں کی جانب سے کاروباری شخصیت ایلس ہوانگ پر چین کے لیے معلومات جمع کرنے کے شبے سے متعلق رپورٹس گردش کر رہی ہیں۔

ایلس ہوانگ کے ساتھ جینسن ہوانگ کے تعلقات کی نوعیت پر بھی سوالات اٹھائے گئے ہیں، جبکہ اینویڈیا کے بورڈ نے معاملے کی تحقیقات کے لیے آزاد ڈائریکٹرز اور بیرونی قانونی ماہرین پر مشتمل کمیٹی قائم کی ہے۔

کمپنی کے بورڈ کا کہنا ہے کہ فی الحال ایسا کوئی ثبوت نہیں جس سے یہ ظاہر ہو کہ قومی سلامتی یا اینویڈیا کے راز افشا ہوئے ہیں۔

جینسن ہوانگ بدستور کمپنی کے سی ای او کے عہدے پر کام کر رہے ہیں اور انہوں نے تحقیقات میں تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔

جینسن ہوانگ اینویڈیا کے 3.5 فیصد سے زائد شیئرز کے مالک ہیں، جس کی وجہ سے وہ کمپنی کے سب سے بڑے انفرادی شیئر ہولڈر ہیں، جن کی دولت کا بڑا حصہ صرف تنخواہ سے نہیں بلکہ کمپنی کے شیئرز کی مالیت سے وابستہ ہے۔

اسی وجہ سے اینویڈیا کے شیئرز میں معمولی کمی بھی ان کی مجموعی دولت میں اربوں ڈالرز کی کمی کا باعث بن سکتی ہے، جب کہ شیئرز کی قیمت میں بحالی ان کی دولت کو دوبارہ بڑھا سکتی ہے۔

فی الحال جینسن ہوانگ کو ایک جانب کمپنی کی قیادت سے متعلق تحقیقات اور دوسری جانب ذاتی زندگی کے تنازع کا سامنا ہے، جس نے دنیا کی اہم ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شمار ہونے والی کمپنی اینویڈیا کے گرد غیر یقینی کی صورتِحال پیدا کر دی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ