سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اپنے دفاع میں بول پڑے

سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ---فائل فوٹو
سابق آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ کو اپنی سوانح عمری میں بال ٹیمپرنگ سے متعلق انکشافات کرنے کے بعد کڑی تنقید کا سامنا ہے، جس پر انہوں نے اپنے دفاع میں وضاحت پیش کی ہے۔
سابق آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا ہے کہ میں نے یہ سب کچھ پیسوں کے لیے نہیں کیا، مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں، لوگوں نے میرے بیان کا رخ تبدیل کرنے کی کوشش کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حقیقت جاننے کے بجائے مجھ پر حملے کیے گئے، کئی لوگوں نے الزام لگایا ہے کہ میں نے کتاب کی فروخت بڑھانے کے لیے سینڈ پیپر بال ٹیمپرنگ کے معاملے کو استعمال کیا، تاہم یہ تاثر 100 فیصد غلط ہے۔
عثمان خواجہ نے کہا ہے کہ کتاب کی اشاعت کے لیے سینڈ پیپر یا کسی دوسرے موضوع پر کوئی پیشگی بات طے نہیں کی گئی تھی، اس معاملے پر کسی سے کوئی گفتگو نہیں ہوئی اور کتاب کے مواد پر مکمل اختیار میرے پاس تھا۔
انہوں نے بتایا ہے کہ میں نے کتاب کا پورا مسودہ اپنے پاس رکھا اور جب اسے سامنے لایا تو منیجر تک حیران رہ گئے، پبلشنگ کمپنی سمیت کسی کو بھی اس مواد کے بارے میں علم نہیں تھا۔
عثمان خواجہ نے پی ایس ایل 11 کے بہترین نوجوان کھلاڑیوں کے نام بتا دیے، افتخار بھی شامل
عثمان خواجہ کے مطابق کتابوں کی فروخت اور رائلٹی سے اتنی آمدنی نہیں ہوتی جتنا عام طور پر سمجھا جاتا ہے، طویل عرصے تک کرکٹ کھیلنے کے باعث مالی طور پر خوش قسمت ہوں اور مجھے پیسوں کی ضرورت نہیں۔
انہوں نے واضح کیا ہے کہ میرے انکشافات کا مقصد کوئی تجارتی فائدہ حاصل کرنا نہیں تھا، کتاب میں بیان کی گئی باتیں حقیقت پر مبنی ہیں۔
واضح رہے کہ عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم میں بال ٹیمپرنگ کے معاملے سے سب آگاہ تھے، بال ٹیمپرنگ کیس میں سزا پانے والے سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیوڈ وارنر نے بھی عثمان خواجہ کے انکشافات کی حمایت کی تھی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ