منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

وائٹ ہاؤس کے قریب سیکیورٹی کی خلاف ورزی کے 2 واقعات، 2 افراد گرفتار

تازہ ترین
وائٹ ہاؤس کے قریب سیکیورٹی کی خلاف ورزی کے 2 واقعات، 2 افراد گرفتار

امریکی خفیہ ادارے نے وائٹ ہاؤس کے قریب سیکیورٹی کی خلاف ورزی کے 2 الگ واقعات میں 2 افراد کو گرفتار کر لیا۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق پہلے واقعے میں صبح 10 بجے سے کچھ دیر قبل ایک گاڑی لافائیٹ پارک کے اطراف فٹ پاتھ پر چڑھ کر حادثے کا شکار ہو گئی۔

خفیہ ادارے کے مطابق گاڑی کا ڈرائیور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے ساتھ مزاحمت کر رہا تھا تاہم اسے فوری طور پر گرفتار کر لیا گیا۔

اسی دوران دوسرے واقعے میں ایک شخص نے لافائیٹ پارک کے ایک حصے میں قائم سیکیورٹی رکاوٹ پھلانگنے کی کوشش کی جسے موقع پر ہی حراست میں لے لیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کے باہر چیک پوسٹ پر فائرنگ، جوابی کارروائی میں حملہ آور ہلاک

دونوں واقعات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وائٹ ہاؤس کے اندر موجود تھے۔

رپورٹ کے مطابق سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر وائٹ ہاؤس کو مختصر وقت کے لیے بند کر دیا گیا جبکہ پارک کے اطراف کی سڑکوں پر ٹریفک بھی روک دی گئی۔

امریکی خفیہ ادارے نے دونوں واقعات کی تحقیقات شروع کر دی ہیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال یہ واضح نہیں کہ دونوں واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ