برطانیہ میں مکانات کی قیمتیں 2028 تک گرتے رہنے کا امکان

برطانیہ میں مکانات کی قیمتیں 2028 تک گرتے رہنے کا امکان ہے، لندن میں قیمتوں میں سب سے زیادہ کمی متوقع ہے۔
پراپرٹی کی معروف کنسلٹنسی کمپنی Savills کی تازہ رپورٹ کے مطابق 2027 کے دوران مکانات کی اوسط قیمت میں مزید 1.5 فیصد کمی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں ایک گھر کی اوسط قیمت تقریباً 5,500 پاؤنڈ تک کم ہو سکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہاؤسنگ مارکیٹ میں بحالی کا سلسلہ 2028 کے دوسرے نصف میں شروع ہونے کی توقع ہے، جبکہ اسی سال مکانات کی قیمتوں میں اوسطاً 3.5 فیصد اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے باعث پیدا ہونے والی غیر یقینی صورتحال کے سبب مارگیج کی شرح سود بلند رہنے کا امکان ہے، جس سے گھر خریدنے والوں کی قوتِ خرید متاثر ہوگی اور مکانات کی قیمتوں پر دباؤ برقرار رہے گا۔
پیش گوئی کے مطابق مارگیج کی شرح سود 2028 کے اوائل تک 5 فیصد سے زیادہ رہ سکتی ہے، جس سے نئے خریداروں کے لیے گھر خریدنا مزید مہنگا اور مشکل ہوسکتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ