منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

اس وقت پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی ہے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں، رانا ثناء اللّٰہ

تازہ ترین
اس وقت پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی ہے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں، رانا ثناء اللّٰہ

رانا ثناء اللّٰہ : فائ؛ فوٹو

وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ اس وقت پاکستان کا مسئلہ دہشت گردی ہے مولانا فضل الرحمان کے گھر کے باہر پڑا جنریٹر نہیں، ہمیں پاکستان کو درپیش مسئلے پر توجہ دینی چاہیے اور اس پر کام کرنا چاہیے۔

جیو نیوز کے پروگرام’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کے دوران رانا ثناء نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کی ہم سے مختلف رائے ہے تو ان سے مکالمہ کیا جاسکتا ہے، اگر لوگوں کو آنے جانے میں مسئلہ ہے تو مولانا فضل الرحمان سے کہا جا سکتا تھا کہ کیبن اور جنریٹر ہٹا دیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم کئی بار مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ گئے، وزیراعظم اور محسن نقوی بھی جاتے رہے ہیں، ہمیں تو گھر کے باہر وہاں سیکیورٹی کیبن یا جنریٹر رکاوٹ نہیں لگا، اب دوبارہ جاکر دیکھیں گے کہ وہ کیبن اور جنریٹر رکاوٹ ہے یا نہیں، کابینہ میٹنگ میں وزیراعظم یا کسی نے بھی مولانا کو دیے گئے نوٹسز پر بات نہیں کی۔

رانا ثناء نے کہا کہ میں نے یہ بات کی تھی کہ ضروری نہیں کہ ہم مولانا کی رائے سے متفق ہوں اختلاف احترام کے ساتھ کرنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان سے بھی گزارش کروں گا کہ اپنے جذبات اور غصے پر قابو پائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان جس طرح سے چیلنج کرتے ہیں اور توتکار سے بات کرتے ہیں وہ بھی مناسب نہیں، ضرورت ہے کہ وزیراعظم کی سطح سے مداخلت ہو دونوں طرف احترام رکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 26ویں ترمیم پر تو ڈیڑھ ماہ ہم سب مولانا فضل الرحمان کے در پر بیٹھے رہے تھے، تین تین جماعتیں مولانا سے ملاقات کے لیے بیٹھی ہوئی ہوتی تھیں، 26ویں آئینی ترمیم کی ایک ایک شق پر مباحثہ ہوا اور پھر اتفاق رائے ہوا، 27 ویں ترمیم میں آئینی عدالت بنی تو یہ وہی 26ویں ترمیم کا نامکمل ایجنڈا تھا۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اگر قانونی سازی ابھی اور عمل اگلے انتخابات کے بعد ہوگا تو کیا یہ قابل عمل بات لگتی ہے؟ نئے صوبوں کے بننے یا نہ بننے سے متعلق فیصلہ پارلیمنٹ میں ہونا ہے، پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں ریفرنڈم ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ ہوگا، پارلیمنٹ وہ فورم ہے جہاں فیصلہ ہونا ہے کہ ریفرنڈم کا سوال کیا ہوگا۔

رانا ثناء نے کہا کہ ہم تو نمبر پورے کرنے کے بعد ترمیم پارلیمنٹ میں لانے کے حق میں ہیں، 28ویں ترمیم سے متعلق ابھی حکومت کی کوئی تیاری نہیں کی کہ کسی سے مشاورت کریں۔

انہوں نے کہاکہ 18ویں ترمیم میں اختیارات وفاق سے صوبوں کو گئے صوبوں نے اختیارات آگے نچلی سطح پر منتقل نہیں کیے، اصل مسئلہ اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی ہے، یہ مسئلہ صوبوں کے ذریعے، چھوٹے یونٹس یا بلدیاتی نظام سے دور ہوسکتا ہے۔

وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ این ایف سی کی طرز پر پی ایف سی ہوجائے، پیسا یوسی کو ملے تو سارے اخیتارات آجائیں گے، آئینی تحفظ نہ ملنے تک بلدیاتی ادارے کیسے مضبوط ہوسکتے ہیں؟

بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ملاقاتوں کا پی ٹی آئی مس یوز روک دیں تو ملاقاتیں شروع ہوجائیں گی، سلمان صفدر کی ملاقات کے بعد بھی یہ مسئلہ ہوا ہے ان کا حوالہ دے کر کہا گیا بلڈپریشر بڑھ گیا، یہ بات غلط ہے بانی پی ٹی آئی کو بلڈ پریشر بڑھنے کا کوئی مسئلہ نہیں ہے، علاج معالجے میں کوئی کوتاہی نہیں ڈاکٹرز جو تجویز کریں گے فوری طور پر عمل ہوگا، بانی پی ٹی آئی کے علاج معالجے میں پہلے بھی کوئی کوتاہی نہیں کی گئی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ