منگل، 10 نومبر، 2026 · 1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے پر دستخط ہوگئے

تازہ ترین
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے پر دستخط ہوگئے

فائل فوٹو

جدہ میں ہونے والی عالمی حج کانفرنس و ایکسپو کے دوسرے روز پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

معاہدے پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور سعودی وزیر حج و عمرہ نے دستخط کیے، سعودی وزیر حج نے سردار یوسف کو مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کی خصوصی تصاویر اور یادگاری شیلڈز بھی پیش کیں۔

وزیر مذہبی امور سردار یوسف کا کہنا ہے کہ معاہدے کا مقصد پاکستانی عازمینِ حج کے سفر کو آسان اور سہولتوں سے آراستہ بنانا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے آئندہ حج سیزن کے لیے 13 لاکھ سے زائد بستروں کا انتظام کرلیا۔

وسیم اکرم کی بولنگ انداز میں شیطان کو کنکریاں مارنے کی ویڈیو وائرل

سعودی عرب نے 1448 ہجری کے آئندہ حج سیزن کے لیے عازمینِ حج کی رہائش کی غرض سے 13 لاکھ سے زائد بستروں کا انتظام کرلیا ہے جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 4 ہزار رہائشی عمارتیں دستیاب ہوں گی۔

سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب نے حج کانفرنس اور نمائش سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ آئندہ حج سیزن کے لیے عازمین کی رہائش کے لیے مختص تمام عمارتوں کو گزشتہ روز تک لائسنس جاری کیے جاچکے ہیں، جو حج انتظامات کی بروقت تیاریوں کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں مقدس شہروں میں تقریباً 4 ہزار عمارتوں میں 4 لاکھ کمرے دستیاب ہوں گے جبکہ عارضی رہائشی سہولتوں کے ذریعے بھی عازمین کے لیے تقریباً 5 لاکھ 60 ہزار بستروں کا انتظام کیا گیا ہے۔

مکہ مکرمہ: جعلی حج پرمٹ تیار کرنیوالے 18 افراد گرفتار

احمد الخطیب کے مطابق دنیا کے صرف 10 فیصد ممالک میں رہائش کے لیے اتنی بڑی تعداد میں کمرے دستیاب ہیں جتنے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔

وزیر سیاحت نے بتایا کہ گزشتہ سال سے وزارت سیاحت کو حج عازمین کی رہائش کی نگرانی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے، جس کے تحت رہائشی گنجائش کی دستیابی اور خدمات کے معیار کو یقینی بنانے پر توجہ دی جارہی ہے۔

وزارت حج و عمرہ کے تعاون اور وزیر داخلہ کی سربراہی میں قائم سپریم حج کمیٹی کی نگرانی میں تقریباً 400 عمارتوں کو ضروری شرائط پوری نہ کرنے پر رہائشی سہولتوں کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمارتوں کا جائزہ لیتے وقت ان کی ساختی مضبوطی، ہنگامی اخراج کے راستوں، مجموعی حفاظت، تیاری اور عازمین کے لیے فراہم کی جانے والی سہولتوں کے معیار کو مدنظر رکھا جاتا ہے، اس عمل میں محکمہ شہری دفاع بھی متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔

حج کے موقع پر مکہ مکرمہ میں زمین سے فضا میں مار کرنے والا دفاعی میزائل سسٹم نصب

احمد الخطیب کے مطابق عازمینِ حج کی مجموعی اطمینان کی شرح 93 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رہائش کا معیار عازمین کے مجموعی تجربے پر براہِ راست اثر انداز ہوتا ہے اور اگر رہائشی سہولتیں معیاری نہ ہوں تو ہوائی اڈوں اور ٹرانسپورٹ کی بہترین خدمات کے باوجود عازمین کا اطمینان متاثر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان رابطے اور تعاون کے ذریعے عازمینِ حج کو مناسب رہائش اور معیاری سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ