فرانس: حکومت نے مہنگائی کے خلاف احتجاج کے بعد کم از کم اجرت میں اضافے کا اعلان کردیا

فوٹو: رائٹرز
فرانس میں مہنگائی اور حکومتی پالیسیوں کے خلاف جاری مظاہروں کے بعد حکومت نے کم از کم اجرت میں اضافے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس پر عمل درآمد جنوری کے بجائے دسمبر سے کرنے کا اعلان کردیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فرانسیسی وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو نے مزدور تنظیموں اور کاروباری شعبے کے نمائندوں سے ملاقات کے بعد اعلان کیا کہ کم از کم اجرت میں دسمبر سے 1 اعشاریہ 6 فیصد اضافہ کیا جائے گا۔
فرانسیسی وزیر محنت کے مطابق اضافے کے بعد ماہانہ کم از کم اجرت بڑھ کر ایک ہزار 502 یورو ہوجائے گی، جو موجودہ اجرت سے 24 یورو زیادہ ہے۔
حکومت کا کہنا ہے کہ یہ اضافہ معمول کے مطابق یکم جنوری کے بجائے دسمبر میں کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو درپیش مہنگائی اور قوت خرید میں کمی کے مسائل سے نمٹنے میں مدد مل سکے۔
اہلیہ سے متعلق ٹرمپ کے بیان کو فرانسیسی صدر نے غیر مہذب قرار دے دیا
تاہم مزدور تنظیموں نے حکومتی اعلان کو ناکافی قرار دیا ہے، فرانس کی سب سے بڑی مزدور تنظیم سی ایف ڈی ٹی نے کم از کم اجرت میں 100 یورو اضافے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ بائیں بازو کی تنظیم سی جی ٹی تقریباً 150 یورو اضافے کی خواہاں ہے۔
سی ایف ڈی ٹی کی سربراہ ماریلیز لیون نے حکومتی اعلان کو ناکافی قرار دیا، جبکہ سی جی ٹی کی سربراہ سوفی بینے نے اضافے کو معمولی قرار دیتے ہوئے 17 نومبر کو نئے احتجاج کی اپیل کردی۔
وزیراعظم سیباسٹین لیکورنو کا کہنا تھا کہ گزشتہ 20 برسوں کے دوران یہ دوسرا بڑا اضافہ ہے، اس لیے اسے نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
خیال رہے کہ فرانس میں مہنگائی اور سرکاری خدمات کی صورت حال کے خلاف مظاہرے حالیہ ہفتوں میں شدت اختیار کرگئے ہیں۔
ستمبر میں اسکولوں سے شروع ہونے والے احتجاج نے بعد ازاں ملک گیر شکل اختیار کرلی جبکہ 17 اکتوبر کو بڑے شہروں میں ہنگامہ آرائی کے واقعات بھی پیش آئے۔
حکومت کو بڑھتے ہوئے سماجی تناؤ کے باعث دباؤ کا سامنا ہے، تاہم بڑھتے ہوئے سرکاری قرضوں کے سبب عوام کو ریلیف دینے کے لیے اس کے پاس محدود مالی گنجائش موجود ہے۔
فرانس میں صدارتی انتخابات سے 5 ماہ قبل مہنگائی اور قوت خرید کا بحران اہم سیاسی معاملہ بن چکا ہے۔
صدر ایمانوئل میکرون اپنی دوسری مدت مکمل کر رہے ہیں اور آئینی طور پر تیسری مرتبہ صدارتی انتخاب میں حصہ نہیں لے سکتے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ