خیبر پختونخوا میں تربیلا کے واقعہ سے سیلاب کا خطرہ نہیں، مشیر آبپاشی

تربیلا ڈیم میں بند ٹوٹنے کے معاملے پر خیبرپختونخوا کے مشیر آبپاشی ڈاکٹر ارشاد خان نے کہا کہ میری ہدایت پر سیکریٹری ایریگیشن نے صوابی کا دورہ کیا ہے۔
پشاور میں جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر ارشاد خان نے کہا کہ واپڈا کے اعداد و شمار کے مطابق خیبر پختونخوا میں تربیلا ڈیم کے واقعہ سے سیلاب کا خطرہ نہیں، صوابی میں بھی فی الحال سیلاب کا خطرہ نہیں، صورتحال مکمل کنٹرول میں ہے۔
واپڈا نے ٹنل 5 منہدم ہونے کی اطلاعات غلط قرار دے دیں
صوبائی مشیر آبپاشی نے کہا کہ خیر آباد کے مقام پر دریائے سندھ کے گیج کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے، ممکنہ سیلابی صورتحال سے متعلق رپورٹ دینےکی بھی ہدایت کر دی گئی ہے۔
انھوں نے کہا دریائے سندھ میں تربیلا سے اخراج اور مختلف مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔
ڈاکٹر ارشاد علی نے کہا کہ 9 نومبر شام 7 بجے تربیلا سے پانی کا اخراج ایک لاکھ 44 ہزار 200 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، اٹک اور خیر آباد کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 49 ہزار 747 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ نوشہرہ کے مقام پر دریائے سندھ میں پانی کا بہاؤ 8 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، دریائے سندھ میں ہنڈ کے مقام پر پانی کا بہاؤ ایک لاکھ 33 ہزار 737 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ