پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

اہلیہ کے قتل کرنے کی کوشش پر شوہر نے چیٹ جی پی ٹی پر مقدمہ کردیا

تازہ ترین
اہلیہ کے قتل کرنے کی کوشش پر شوہر نے چیٹ جی پی ٹی پر مقدمہ کردیا

فائل فوٹو

امریکی ریاست شمالی کیرولائنا کے ایک شہری نے الزام عائد کیا ہے کہ اس کی اہلیہ نے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے اسے زہر دے کر قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔

شہری نے اوپن اے آئی اور کمپنی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹمین کے خلاف مقدمہ دائر کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق جیمز گیٹس نے گزشتہ ہفتے جمعرات کو سان فرانسسکو کاؤنٹی سپیریئر کورٹ میں مقدمہ دائر کیا۔ جیمز گزشتہ سال مبینہ زہر خورانی کے واقعے میں زندہ بچ گیا تھا، جبکہ اس کی اہلیہ، جو اس سے علیحدہ رہتی ہے، چیرل گیٹس پر اقدام قتل کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

مقدمے میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ چیرل نے 2025 کے موسم گرما اور خزاں کے دوران چیٹ جی پی ٹی کے ساتھ سیکڑوں مرتبہ گفتگو کی اور رفتہ رفتہ چیٹ بوٹ کو اپنا قریبی رازدار بنا لیا۔

درخواست کے مطابق چیرل نے چیٹ جی پی ٹی سے ملازمت، بچوں کی سرگرمیوں، ادویات کی خوراک اور ازدواجی مسائل سمیت زندگی کے مختلف معاملات پر مشورے لیے، تاہم بعدازاں شوہر کو زہر دینے سے متعلق تفصیلی گفتگو شروع ہوگئی۔

جیمز کے وکلا نے الزام لگایا کہ چیٹ جی پی ٹی نے چیرل کے شکوک و شبہات کو تقویت دی، اس کے خدشات کی توثیق کی اور مبینہ طور پر قتل کی منصوبہ بندی کو عملی شکل دینے میں مدد فراہم کی۔

مقدمے میں مزید دعویٰ کیا گیا کہ چیٹ جی پی ٹی نے مبینہ طور پر زہریلے مادوں، ادویات کی مقدار، انہیں دینے کے طریقوں اور واقعے کو چھپانے سے متعلق معلومات فراہم کیں۔

جیمز کے وکلا کے مطابق 2025 کے موسم گرما کے آغاز میں انہیں گھر میں موجود سوڈا اور انرجی ڈرنکس سمیت کئی مشروبات کا ذائقہ غیر معمولی طور پر کڑوا محسوس ہونے لگا۔

10 جولائی 2025 کو ان کی طبیعت اچانک شدید خراب ہوگئی اور تقریباً 72 گھنٹے تک انہیں دل کی تکالیف، شدید بےچینی، پیٹ میں درد، کمزوری اور ذہنی الجھن جیسی علامات کا سامنا رہا۔

تقریباً دو ماہ بعد جیمز کو اس وقت زہر دیے جانے کا شبہ ہوا جب انہیں اہلیہ کا ہاتھ سے لکھا ہوا ایک نوٹ ملا۔

مقدمے کے مطابق نوٹ میں زہریلے پودے، مختلف تجویز کردہ ادویات اور چیٹ جی پی ٹی کی تمام گفتگو حذف کرنے اور اکاؤنٹ سے لاگ آؤٹ کرنے سے متعلق ہدایات درج تھیں۔

اوپن اے آئی کے ترجمان نے امریکی میڈیا کو بتایا کہ صارفین کی حفاظت کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ کمپنی نے متعلقہ صارف کا اکاؤنٹ بند کردیا ہے اور تحقیقات کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معلومات فراہم کردی ہیں۔

اوپن اے آئی کو چیٹ جی پی ٹی کے مبینہ نقصان دہ مشوروں سے متعلق دیگر مقدمات کا بھی سامنا ہے۔ ان میں واشنگٹن اور فلوریڈا کے شہریوں کی جانب سے طبی مشوروں سے متعلق الزامات بھی شامل ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ