پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

آزادی اظہار کا مطلب کسی پر جھوٹے الزامات لگانا نہیں: پشاور ہائیکورٹ

تازہ ترین
آزادی اظہار کا مطلب کسی پر جھوٹے الزامات لگانا نہیں: پشاور ہائیکورٹ

پشاور ہائیکورٹ نے آزادی اظہار اور ہتک عزت کے مقدمے میں افضل خان کی اپیل مسترد کرتے ہوئے ضلعی عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔

جسٹس بابر ستار نے 20 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں قرار دیا کہ آزادی اظہار کا مطلب کسی پر جھوٹے الزامات لگانا نہیں۔

عدالت نے واضح کیا کہ آزادی اظہار کے حق کو متاثرہ شخص کی عزت اور ساکھ کے حق کے ساتھ متوازن رکھنا ضروری ہے۔

جسٹس بابر ستار نے فیصلے میں مزید کہا کہ آرٹیکل 19 آزادی اظہار کی ضمانت دیتا ہے، تاہم یہ حق قانونی پابندیوں سے مشروط ہے، ہتکِ عزت آرڈیننس 2002 آزادی اظہار پر عائد قانونی پابندیوں میں شامل ہے۔

عدالتی فیصلے یہ بھی کہا گیا کہ پولیس یا انتظامیہ کو دی گئی شکایت بھی قانوناً اشاعت کے زمرے میں آتی ہے، کسی خاندان کو قبضہ مافیا قرار دینا اور آبائی قبرستان پر قبضے کا الزام لگانا محض رائے نہیں، بلکہ سنگین الزامات ہیں۔

فیصلے میں کہا گیا کہ کسی شخص پر جرم، بددیانتی یا اخلاقی برائی کا الزام لگانے والے تحریری الفاظ بذاتِ خود ہتکِ عزت کے زمرے میں آ سکتے ہیں، ایسے الزامات سےعام قاری یا افسر کی نظر میں متاثرہ شخص کی ساکھ اور مقام متاثر ہوتا ہے۔

صوابی کے افضل خان نے عادل نواز سمیت 6 افراد پر آبائی قبرستان پر قبضے کا الزام لگایا تھا، جس پر اُن کے خلاف ضلعی عدالت میں ہتک عزت کا کیس دائر ہوا۔

ضلعی عدالت نے افضل خان پر 5 لاکھ جرمانہ عائد کیا تھا، اس فیصلے کے خلاف ہائیکورٹ پشاور میں اپیل دائر کی گئی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ