خیبر: ایک ہی خاندان کے 5 بچے بےہوش، اسپتال منتقلی کے دوران جاں بحق

فائل فوٹو
ضلع خیبر کے علاقے بازار ذخہ خیل کے گاؤں قاضیانو کلے میں ایک ہی خاندان کے 5 بچے اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران جاں بحق ہوگئے، جبکہ 2 بچوں کو پشاور کے اسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
پولیس کے مطابق ایک ہی خاندان کے 7 بچے صبح اچانک بےہوش ہوگئے تھے، جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں 5 بچوں نے دم توڑ دیا۔
جاں بحق ہونے والے بچوں میں 3 بچیاں اور 2 بچے شامل ہیں، جن کی عمریں 5 سال سے کم بتائی گئی ہیں۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کے مطابق متاثرہ مزید 2 بچوں کی حالت بہتر ہے، تاہم بیماری کی تشخیص کے لیے ان کے مختلف ٹیسٹ کیے جارہے ہیں۔
ڈاکٹروں نے بچوں کے بلڈ کلچر اور سی ٹی اسکین تجویز کیے ہیں۔
اہل خانہ کے مطابق بچوں کو کئی روز سے کمزوری محسوس ہو رہی تھی، جبکہ واقعے کی صبح ساتوں بچے بےہوش ہوگئے تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر خیبر کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لنڈی کوتل نے اسپتال کا دورہ کیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق میڈیکل ٹیم بازار ذخہ خیل کے گاؤں قاضیانو کلے کا معائنہ بھی کرے گی تاکہ بچوں کی اچانک طبیعت خراب ہونے کی وجوہات معلوم کی جاسکیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ