کنگ چارلس واقعی شہزادی ڈیانا سے محبت کرتے تھے: سابق شاہی فوٹو گرافر کا انکشاف

سابق شاہی فوٹوگرافر آرتھر ایڈورڈز نے انکشاف کیا ہے کہ برطانوی شاہ چارلس کی سابقہ اہلیہ شہزادی ڈیانا سے محبت حقیقی تھی، دونوں کے درمیان اختلافات کے باوجود شاہ چارلس شہزادی کا احترام کرتے تھے۔
ایک انٹرویو میں آرتھر ایڈورڈز نے کہا کہ 1992ء میں علیحدگی کے باوجود شاہ چارلس نے اپنے دوستوں کو سختی سے ہدایت کی تھی کہ وہ شہزادی ڈیانا کے بارے میں کوئی برا جملہ نہ کہیں، بصورت دیگر وہ شہزادہ کی دوستی کھو دیں گے۔
سابق شاہی فوٹوگرافر نے بتایا کہ میں نے شاہی جوڑے کے ساتھ آسٹریلیا کا 5 ہفتوں پر مشتمل دورہ کیا تھا، اس دوران دونوں ایک دوسرے کے بہت قریب اور محبت میں گھرے نظر آتے تھے۔
شہزادہ ہیری لیڈی ڈیانا کا ’ریوینج ڈریس‘ میگھن مارکل کو ملنے کے خواہشمند
ان کے مطابق دونوں کی دلچسپیاں مختلف تھیں، شہزادی ڈیانا شاپنگ کرنا پسند کرتی تھیں جبکہ شاہ چارلس کو شکار کا شوق تھا جس کی وجہ سے ان کے درمیان اختلافات پیدا ہوئے۔
آرتھر ایڈورڈز نے بتایا ہے کہ شاہ چارلس کے ایک دوست نے مجھے بتایا تھا کہ کئی لوگ شہزادی ڈیانا کے خلاف باتیں کرنا چاہتے تھے لیکن شاہ چارلس نے ایسا کرنے کی اجازت نہیں دی کیونکہ ڈیانا ان کے بچوں کی ماں تھیں۔
واضح رہے کہ شہزادی ڈیانا 1997ء میں پیرس میں ایک ٹریفک حادثے میں چل بسی تھیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ