پیر، 9 نومبر، 2026 · 30 جمادی الاول، 1448 ہجری

اسرائیل میں حکومت سازی کا کڑا امتحان، آئزن کوٹ اکثریت کیسے حاصل کریں گے؟

تازہ ترین
اسرائیل میں حکومت سازی کا کڑا امتحان، آئزن کوٹ اکثریت کیسے حاصل کریں گے؟

اسرائیل میں سیاسی بحران کے خاتمے اور نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سابق آرمی چیف اور یاشار پارٹی کے سربراہ آئزن کوٹ کو 28 دن کی مہلت دے دی گئی ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے آئزن کوٹ کو نئی حکومت بنانے کی ذمے داری سونپ دی، تاہم پارلیمانی اکثریت حاصل کرنا ان کے لیے ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات میں کسی بھی سیاسی اتحاد کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہوسکی تھی، جس کے بعد اسرائیل کی 120 رکنی پارلیمنٹ (کنیسٹ) میں حکومت بنانے کے لیے کم از کم 61 نشستیں درکار ہیں۔

آئزن کوٹ کو 67 ارکان پارلیمنٹ کی حمایت حاصل ہونے پر حکومت سازی کا پہلا موقع دیا گیا، سابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو صرف 46 ارکان کی حمایت حاصل ہوئی، جب کہ7 ارکان نے کسی امیدوار کی حمایت نہیں کی۔

حکومت سازی کیلئے اعداد و شمار کیا کہتے ہیں؟

آئزن کوٹ کے مخالف نیتن یاہو اتحاد کو انتخابات میں 53 نشستیں حاصل ہوئی تھیں، جب کہ آئزن کوٹ کے 4 جماعتی اتحاد کے پاس 48 نشستیں ہیں۔

نیتن یاہو باہر، اسرائیلی صدر کی آئزن کوٹ کو حکومت بنانے کی دعوت

عرب جماعتوں کے 19 ارکان کی حمایت شامل کی جائے تو آئزن کوٹ کے حامیوں کی تعداد 67 تک پہنچ گئی، جو کہ بظاہر حکومت بنانے کے لیے کافی ہے لیکن سیاسی اختلافات اس اتحاد کے لیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں کیونکہ دائیں بازو کی جماعت یسرائیل بیتینو کے رہنما ایوگڈور لیبرمین عرب جماعتوں کے ساتھ حکومتی اتحاد بنانے کے مخالف رہے ہیں۔

عرب جماعتوں کی حمایت یا بیرونی تعاون؟

آئزن کوٹ کے لیے ایک ممکنہ راستہ یہ ہے کہ عرب جماعتیں کابینہ میں شامل ہوئے بغیر پارلیمنٹ میں اہم قانون سازی اور اعتماد کے ووٹوں پر ان کی حکومت کی حمایت کریں۔

اس طرح وہ براہ راست حکومت میں شامل کیے بغیر عرب ارکان کی مدد سے اکثریت حاصل کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں، تاہم نیتن یاہو اور دائیں بازو کی جماعتیں اس حکمت عملی کی سخت مخالفت کر سکتی ہیں۔

مذہبی جماعتوں سے اتحاد کا امکان

حکومت سازی کے لیے ایک اور راستہ انتہائی مذہبی یہودی جماعتوں کے ساتھ اتحاد ہے۔

یونائیٹڈ توراہ یہودیت کے پاس 7 جبکہ شاس کے پاس 6 نشستیں ہیں۔ اگر یہ دونوں جماعتیں آئزن کوٹ کی حمایت کرتی ہیں تو ان کے 48 نشستوں والے اتحاد کی تعداد 61 تک پہنچ سکتی ہے۔ تاہم اس اتحاد میں سب سے بڑی رکاوٹ فوجی بھرتی کا معاملہ ہے۔

آئزن کوٹ اور ان کے اتحادی تمام شہریوں کے لیے لازمی فوجی سروس کے حامی ہیں، جبکہ مذہبی جماعتیں اپنے مذہبی طلبہ کو فوجی خدمات سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ کرتی رہی ہیں۔

کیا نیتن یاہو دوبارہ اقتدار میں آسکتے ہیں؟

نیتن یاہو نے نئی ممکنہ حکومت کا قیام روکنے کی کوششیں شروع کردیں

نیتن یاہو نے قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی تجویز بھی پیش کی ہے، تاہم آئزن کوٹ پہلے ہی نیتن یاہو کی قیادت میں حکومت کا حصہ بننے سے انکار کر چکے ہیں۔

ایک اور امکان یہ ہے کہ لیکوڈ پارٹی کے ارکان نیتن یاہو کے بغیر آئزن کوٹ کی حکومت میں شامل ہوجائیں، لیکن اس کے لیے لیکوڈ کو اپنے انتہائی دائیں بازو کے اتحادیوں سے علیحدگی اختیار کرنا ہوگی۔

ناکامی کی صورت میں کیا ہوگا؟

اگر آئزن کوٹ 28 دن میں حکومت بنانے میں ناکام رہتے ہیں تو اسرائیلی صدر انہیں مزید 14 دن کی مہلت دے سکتے ہیں۔

اس کے باوجود کامیابی نہ ملنے پر صدر کسی دوسرے رکن پارلیمنٹ کو حکومت بنانے کی ذمے داری سونپ سکتے ہیں، جس میں نیتن یاہو کو دوبارہ موقع ملنے کا امکان بھی شامل ہے۔

اگر تمام کوششیں ناکام ہوجاتی ہیں تو اسرائیل میں دوبارہ انتخابات ہوسکتے ہیں، جن کا انعقاد 2027 کے آغاز میں متوقع ہوگا۔

آئزن کوٹ کیلئے اصل چیلنج

گادی آئزن کوٹ سابق اسرائیلی فوجی سربراہ ہیں اور 2022ء میں سیاست میں آئے تھے۔ وہ نیتن یاہو کی جنگی حکمت عملی اور حکومت میں انتہائی دائیں بازو کے اثر و رسوخ پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

ان کے لیے اصل امتحان صرف نیتن یاہو کو اقتدار سے ہٹانا نہیں بلکہ مختلف نظریات رکھنے والی جماعتوں کو ایک مستحکم حکومت پر متفق کرنا ہوگا۔

آئندہ 28 دن اسرائیل کی سیاسی سمت کا تعین کر سکتے ہیں، جہاں ایک جانب نیتن یاہو کی طویل سیاسی حکمرانی کو چیلنج درپیش ہے تو دوسری جانب آئزن کوٹ کے لیے اکثریت حاصل کرنا ایک پیچیدہ سیاسی معرکہ بن چکا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ