جے یو آئی خیبر پختونخوا نے ثمر بلور کے الزامات کو غیر سنجیدہ قرار دے دیا

جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) خیبر پختونخوا کے ترجمان نے مشیر اطلاعات ثمر ہارون بلور کے الزامات کو غیر سنجیدہ و بے سروپا قرار دے دیا۔
پشاور سے جاری بیان میں ترجمان جے یو آئی خیبر پختونخوا نے کہا کہ مفتی محمود مرکز پی ڈی اے سے باقاعدہ منظوری کے بعد تعمیر ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مشیر اطلاعات اپنی نوکری پکی کرنے کےلیے غیر سنجیدہ اور بے سرو پا بیانات کا سہارا لے رہی ہیں۔
ترجمان جے یو آئی نے مزید کہا کہ مشیر اطلاعات کو نہ ہٹایا تو مزید جھوٹے بیانات حکومت کےلیے جگ ہنسائی کا باعث بنیں گے۔
اُن کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہر الزام کا جواب دلیل سے دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ