ترجمان طالبان حکومت کا بیان رجیم کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے، پاکستان

ترجمان افغان طالبان کے حالیہ بیان پر وزارت اطلاعات و نشریات نے رد عمل کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد سے وزارت اطلاعات و نشریات نے ایک بیان میں کہا کہ طالبان حکومت کے ترجمان کا بیان رجیم کی انتہائی گمراہ کن سوچ کو بے نقاب کرتا ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق افغان طالبان بگڑتے تعلقات کی بنیادی وجوہات تسلیم کرنے کو آمادہ نہیں ہیں، افغان طالبان قیادت مسلسل پاکستان کی پالیسیوں کو موردِ الزام ٹھہرا رہی ہے۔
بیان کے مطابق افغان طالبان اس اہم مسئلے کو نظر انداز کر رہے ہیں جو تعلقات میں تلخی کا بنیادی سبب ہے۔ تلخی کا بنیادی سبب افغان سرزمین سےدہشت گردی روکنے میں طالبان حکومت کی مسلسل ناکامی ہے، دو طرفہ تعلقات میں سب سے بڑی رکاوٹ افغان سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات کے مطابق کابل کو اپنی سرزمین سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی روکنے کی ذمہ داری پوری کرنا ہو گی۔ پاکستان اپنی سلامتی کو لاحق خطرات کے خاتمے کےلیے تمام ضروری اقدامات کا حق رکھتا ہے\
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ افغان طالبان کی الزام تراشی اور کھوکھلی یقین دہانیاں پاک افغان بحران کا حل نہیں، پاکستان کا مؤقف بالکل واضح اور دوٹوک ہے کہ دہشت گردی ہماری ریڈ لائن ہے۔
وزارت اطلاعات کا کہنا ہے کہ اپنے شہریوں کے تحفظ اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا، اپنے عوام کے تحفظ کے لیے پاکستان کے عزم کو کبھی کمزوری نہ سمجھا جائے۔
دہشت گردی سے نمٹنے سے طالبان حکومت کا مسلسل انکار معمول کے تعلقات کی راہ میں بنیادی رکاوٹ ہے، افغان رجیم کو جان لینا چاہیے پاکستان کی سلامتی کو ان کی بے عملی یا ٹال مٹول کی بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ