ہر کشمیری کے ساتھ ہر پاکستانی کا دل دھڑکتا ہے: علی انصر زیدی

کونسل جنرل آف پاکستان علی انصر زیدی نے کہا ہے کہ ہر کشمیری کے ساتھ ہر پاکستانی کا دل دھڑکتا ہے۔
علی انصر زیدی نے فرینکفرٹ اور گرد و نواح میں مقیم ان تمام محبِ وطن پاکستانی اور کشمیری افراد کا شکریہ ادا کیا ہے جنہوں نے27 اکتوبر کے یومِ سیاہ پر ظلم کے خلاف احتجاج میں آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر وہ دن ہے جب بھارت نے اپنی فوج سرینگر میں داخل کی، وہ دن اور آج کا دن ہر آنے والا دن مظلوم کشمیریوں کے لئے اضافے کا باعث بنتا چلا آ رہا ہے، ہم یہ دن خاص طور پر اس لئے مناتے ہیں کہ اس عزم کا اعادہ کریں کہ ہر کشمیری کے ساتھ ہر پاکستانی کا دل ہر دم دھڑکتا ہے، انشا اللّٰہ وہ دن دور نہیں کہ جب 7 دہائیوں پر محیط بھارتی تسلط ،بھارتی غلامی سے کشمیری آزاد ہوں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اپنی اخلاقی، سیاسی سفارتی جدوجہد سے ہر طرح کی حمایت جاری رکھے گا، یہ بہت ضروری ہے کہ دنیا کو یاد دہانی کرائی جائے کہ کشمیر کا مسئلہ ابھی تک حل نہیں ہوا۔
علی انصر زیدی نے کہا ہے کہ یہ ایک متنازع علاقہ او ر مسئلہ ہے اور اسے کشمیریوں کی خواہشات اور امنگوں کے حساب سے حل ہونا ہے، اقوامِ متحدہ کی قرارداد کے مطابق کشمیروں کو حقِ خود ارادیت ملنا چاہیے اور انشا اللّٰہ ایک دن مل کے رہے گا۔
علی انصر زیدی نے کہا کہ انہیں اوورسیز پاکستانی کیمونٹی سے بہت امید ہے کہ وہ اس دیارِ غیر میں اپنے باہمی اتحاد، مثبت رویوں اور رہن سہن سے ملک کا وقار بلند کریں گے کیونکہ پاکستانی بیرونِ ملک اپنے ملک کا سفیر ہوتا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ