نکی مناج کے وائٹ ہاؤس کی ترجمان بننے سے متعلق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دلچسپ بیان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معروف ریپر نکی مناج کو وائٹ ہاؤس کی ترجمان مقرر کرنے کے امکان پر دلچسپ ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس تجویز پر غور کروں گا۔
دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق نکی مناج کے وائٹ ہاؤس کی ترجمان بننے کی افواہیں اس وقت گردش کرنے لگیں جب وہ 25 اکتوبر کو مشی گن میں وسط مدتی انتخابات سے قبل ایک انتخابی جلسے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ نظر آئیں۔
اسی روز وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر برائے مواصلات اسٹیون چیونگ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شاید ہمیں وائٹ ہاؤس کی نئی ترجمان مل گئی ہیں اور وہ نکی مناج ہیں۔
اس پوسٹ کے بعد سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی۔
نکی مناج نے بھی اس ٹوئٹ پر امریکی پرچم اور مسکراتے چہرے کے ایموجیز کے ساتھ ردِعمل کا اظہار کیا اور امریکی صدارتی طیارے کے اندرونی حصے کی ایک ویڈیو شیئر کی۔
اب معروف پوڈکاسٹ میزبان بینی جانسن نے صدر ٹرمپ سے سوال کیا ہے کہ کیا نکی مناج وائٹ ہاؤس کی اگلی ترجمان بن سکتی ہیں؟
اس سوال کے جواب میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ یہ ایک اچھا خیال ہے، مجھے اس بارے میں سوچنا پڑے گا۔
ٹرمپ کے اس بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین نے اس تجویز پر ملے جلے ردِعمل کا اظہار کیا ہے۔
وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کے عہدے کیلئے نکی مناج کا نام سامنے آ گیا
رپورٹ کے مطابق متعدد صارفین نے نکی مناج کو اس عہدے کے لیے غیر موزوں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نکی اچھی فنکارہ تو ہو سکتی ہیں لیکن ترجمان کے منصب کے لیے موزوں نہیں۔
رپورٹ کے مطابق نکی مناج کے بطور وائٹ ہاؤس کی ترجمان تقرری کا تاحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔
اس حوالے سے تمام قیاس آرائیاں وائٹ ہاؤس کے ڈائریکٹر برائے مواصلات کی سوشل میڈیا پوسٹ اور صدر ٹرمپ کے بیان کے بعد سامنے آئی ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ