اسپیکر قومی اسمبلی جلد الیکشن ریفارمز کمیٹی کے قیام کا نوٹیفکیشن جاری کریں گے، طارق فضل

وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سے الیکشن ریفارمز کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دی جا چکی ہے۔
اپنے بیان میں طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی جلد کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کریں گے، کمیٹی کے اراکین کے ناموں کو حتمی شکل دینے کا عمل ابھی باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ کمیٹی 30 ارکان پر مشتمل ہوگی، کمیٹی میں قومی اسمبلی سے 20، سینیٹ سے 10 اراکین شامل ہوں گے، کمیٹی میں نشستوں کی تقسیم ایوان میں جماعتوں کی عددی تناسب کے تحت ہوگی۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ کوشش ہے تمام پارلیمانی جماعتوں کی مثبت، تعمیری اور قابل عمل تجاویز کو اہمیت دی جائے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ