جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

منہ کی مدد سے برف کے ٹکڑے منتقل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

تازہ ترین
منہ کی مدد سے برف کے ٹکڑے منتقل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم

ڈیوڈ رش ریکارڈ قائم کرتے ہوئے(تصویر سوشل میڈیا)۔

امریکی ریاست ایڈاہو سے تعلق رکھنے والے ریکارڈ ساز ڈیوڈ رش نے دو ٹرے کے درمیان منہ کی مدد سے دو پاؤنڈ سے زائد وزنی برف کے ٹکڑے منتقل کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔

ڈیوڈ رش جنکے پاس بیک وقت سب سے زیادہ گنیز ورلڈ ریکارڈز ہیں، کا کہنا ہے کہ ابتدا میں انہیں لگتا تھا کہ 30 سیکنڈ میں منہ کی مدد سے سب سے زیادہ برف کے ٹکڑے منتقل کرنے کا ریکارڈ قائم کرنا آسان ہوگا کیونکہ وہ اس سے پہلے بھی منہ سے متعلق کئی ریکارڈز بنا چکے ہیں، جن میں منہ سے مارش میلوز پکڑنا اور پنگ پونگ کی گیندیں تھوک کر پھینکنا شامل ہیں۔

رش کے مطابق ریکارڈ کے قواعد کے تحت برف کے ہر ٹکڑے کا وزن 25 گرام (0.88 اونس) سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ اس لیے انہوں نے پانی کی مقدار احتیاط سے ناپی تاکہ ہر ٹکڑے کا وزن مقررہ حد کے مطابق ہو۔

انہوں نے بتایا کہ اگلا مرحلہ برف کو مناسب حد تک ٹھنڈا رکھنا تھا۔ اگر برف زیادہ ٹھنڈی ہوتی تو وہ ان کے ہونٹوں سے چپک جاتی، جبکہ مناسب ٹھنڈک نہ ہونے کی صورت میں پگھلنے سے نکلنے والے پانی کے باعث اس کا وزن کم ہوجاتا۔

12 جون کو کی جانے والی ان کی باضابطہ کوشش کے دوران انہوں نے ٹرے کے درمیان مجموعی طور پر 991 گرام (34.9 اونس) برف کے ٹکڑے منتقل کیے، جو ریکارڈ قائم کرنے کے لیے مقررہ حد سے کہیں زیادہ تھے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ