1 ماہ قبل اسرائیل میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے والی جمہوریہ چیک کی سفارتکار ٹریفک حادثے میں ہلاک

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
اسرائیلی شہر یروشلم میں منی بس کی ٹکر سے چیک سفارتخانے کی برانچ آفس کی سربراہ 30 سالہ سفارتکار کلارا شنائیڈرووا ہلاک ہوگئی۔
اسرائیل میں قائم جمہوریہ چیک سفارتخانے کے مطابق حادثہ جمعرات کو شہر کے معروف علاقے یہودا مارکیٹ کے قریب پیش آیا، جہاں منی بس کے ڈرائیور سے گاڑی بے قابو ہوگئی اور فٹ پاتھ پر چڑھ کر کلارا شنائیڈرووا کو ٹکر مار دی۔
اسرائیلی پولیس کے مطابق ڈرائیور کو جائے حادثہ سے حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق کلارا شنائیڈرووا کو متعدد شدید چوٹیں آئی تھیں، انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق کلارا شنائیڈرووا ایک ماہ قبل ہی اسرائیل میں اپنی نئی سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے پہنچی تھیں۔ وہ بچپن کا کچھ عرصہ بھی اسرائیل میں گزار چکی تھیں، ان کے والد 1990 کی دہائی کے آخری برسوں میں اسرائیل میں چیک سفیر رہ چکے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ