اسکاٹ لینڈ: بچوں کو نکوٹین کی لت سے بچانے کیلئے سخت قوانین نافذ
اسکاٹ لینڈ میں 18 سال سے کم عمر افراد کے لیے نکوٹین پاؤچز، اسٹرپس، پرلز اور جڑی بوٹیوں سے تیار کردہ تمباکو نوشی کی مصنوعات کی فروخت پر پابندی عائد کر دی گئی۔
نئے قانون کے تحت ان مصنوعات کی وینڈنگ مشینوں کے ذریعے فروخت بھی ممنوع قرار دے دی گئی ہے۔
اسکاٹ لینڈ کی وزیرِ صحت میری ٹوڈ کا کہنا ہے کہ حکومت نوجوان نسل کو نکوٹین کی لت سے محفوظ رکھنا چاہتی ہے کیوں کہ نوجوانوں میں نکوٹین مصنوعات کا استعمال تیزی سے بڑھ رہا ہے۔
برطانیہ میں ہر آٹھ میں سے ایک نوجوان نے نکوٹین پاؤچ استعمال کیے: سروے
ماہرینِ صحت کے مطابق نکوٹین ایک انتہائی نشہ آور مادہ ہے جو دماغی نشو و نما، ذہنی صحت، نیند اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرنے کے علاوہ دل کی بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ پورے برطانیہ کا پہلا خطہ بن گیا ہے جہاں نکوٹین مصنوعات سے متعلق یہ سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ