جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

پی ایس ایل 12، کھلاڑیوں، ٹیموں اور اسکواڈز کے حوالے سے اہم فیصلے

تازہ ترین
پی ایس ایل 12، کھلاڑیوں، ٹیموں اور اسکواڈز کے حوالے سے اہم فیصلے

فوٹو بشکریہ رپورٹر

پاکستان سپر لیگ سیزن 12 کی تیاریوں کے سلسلے میں آپریشنز ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں لیگ کے فریم ورک کو حتمی شکل دے دی گئی۔

اس موقع پر تمام فرنچائزز نے پیش کیے جانے والے ریٹینشنز قوانین، پلیئر آکشن کی شرائط اور ٹیموں کے اسکواڈز سائز پر مکمل اتفاق کیا۔

پی سی بی کے مطابق ریٹینشنز کی آخری تاریخ 13 جنوری مقرر کی گئی ہے، ریٹینشنز کی تاریخ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے شیڈول کو مدِنظر رکھتے ہوئے مقرر کی گئی، مقامی کھلاڑی نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں پرفارم کر کے فرنچائزز کا اعتماد جیت سکتے ہیں۔

تمام فرنچائزز نے پلیئر آکشن کے قوانین کا جائزہ لیا اور متفقہ طور پر اسے منظور کیا، ہر فرنچائز زیادہ سے زیادہ 7 کھلاڑی ریٹین کر سکتی ہے اور مکمل 7 کھلاڑی ریٹین کرنے کا آپشن استعمال کرنے والی فرنچائز کو پچھلے آکشن کا اپنا سب سے مہنگا کھلاڑی لازمی ریلیز کرنا ہوگا۔

پاکستان سپر لیگ 12 کی تاریخوں کا اعلان کر دیا گیا

ہر فرنچائز کی سیلری کیپ 45 کروڑ پاکستانی روپے یا تقریباً 1 اعشاریہ 6 ملین امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، اگر کوئی فرنچائز کسی کھلاڑی کو ڈائریکٹ سائن کرتی ہے اور گزشتہ سیزن کی ڈائریکٹ سائننگ کو برقرار رکھتی ہے، یا یہ دونوں کام کرتی ہے، تو اس کی سیلری کیپ بڑھ کر 50 اعشاریہ 5 کروڑ پاکستانی روپے ہو جائے گی۔

پلیئر آکشن میں ہر فرنچائز کو کم از کم ساڑھے 36 کروڑ پاکستانی روپے خرچ کرنا لازمی ہوں گے۔

ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 نومبر تک جاری رہے گا، ہر فرنچائز ڈائریکٹ سائننگ میں صرف وہی غیر ملکی کھلاڑی سائن کر سکتی ہے جنہوں نے پچھلے 2 پی ایس ایل سیزنز میں شرکت نہ کی ہو۔

پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ آج کا دن نہ صرف اس لیے اہم تھا کہ کن چیزوں پر اتفاق ہوا، بلکہ اس لیے بھی کہ یہ اتفاقِ رائے کس انداز میں قائم ہوا اور تمام فرنچائزز نے ورکشاپ میں مکمل کھلے پن کا مظاہرہ کیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ