ورجینیا: امریکی وسط مدتی انتخابات سے کچھ دن قبل ٹرمپ کی ری پبلکن پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے باہر فائرنگ، خاتون زخمی

امریکا کی ریاست ورجینیا میں وسط مدتی انتخابات سے کچھ دن قبل حکمراں جماعت ری پبلکن پارٹی کے ہیڈکوارٹر کے باہر فائرنگ سے خاتون زخمی ہو گئی۔
امریکی پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ جمعرات کی سہ پہر پیش آیا جس میں ایک راہ گیر خاتون زخمی ہوئی جسے اسپتل منتقل کر دیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر ہے، فائرنگ سے خاتون معمولی زخمی ہوئی۔
پولیس نے فائرنگ کے واقعے کے حوالے سے تصدیق کی ہے کہ اس کا آنے والے وسط مدتی انتخابات سے کوئی تعلق نہیں تھا۔
امریکا: جوہری مرکز کی لیبارٹری میں آگ لگ گئی، ہنگامی حالت کا اعلان
موقع پر موجود خاتون نے پولیس کو بتایا کہ یہاں واقع ایک ہیئر سیلون کے اندر موجود خاتون کا ایک شخص سے تنازع چل رہا تھا، جب وہ شخص سیلون کے اندر داخل ہوا تو خاتون نے خود کو بچانے کے لیے فائرنگ کی، جس سے سیلون کے قریب سے گزرنے والی ایک خاتون گولیوں کی زد میں آ گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والی خاتون کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پولیس نے جائے وقوع سے ملنے والے خون سے متعلق شبہ ظاہر کیا ہے کہ سیلون میں داخل ہونے والا شخص بھی گولی لگنے سے زخمی ہوا ہے۔
دوسری جانب ری پبلکن پارٹی نے بھی فائرنگ کے واقعے سے متعلق تصدیق کی ہے کہ اس واقعے کا تعلق سیاست یا الیکشن سے نہیں تھا۔
امریکی میڈیا کے مطابق وسط مدتی انتخابات 3 نومبر کو شیڈول ہیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ