پلوٹو سے آگے نئے بونے سیارے کی دریافت، جسامت بھی غیر معمولی بڑی ہونے کا امکان

ماہرینِ فلکیات نے نظامِ شمسی میں پلوٹو کے مدار سے آگے ایک ممکنہ نئے بونے سیارے کی نشاندہی کی ہے، جسے عارضی طور پر ای ڈی 138 کا نام دیا گیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق اگر مستقبل میں مزید مشاہدات سے اس دریافت کی تصدیق ہو گئی تو ای ڈی 138 نظامِ شمسی کے تسلیم شدہ 5 بونے سیاروں میں شامل ہو سکتا ہے، جن میں سیرس، پلوٹو، ہاؤمیا، ماکی میکی اور ایریس شامل ہیں۔
یہ دریافت چلی میں واقع ویرا سی روبن آبزرویٹری کے مشاہدات کے نتیجے میں سامنے آئی ہے، یہ جدید دوربین دنیا کے سب سے بڑے ڈیجیٹل کیمرے سے لیس ہے اور ہر 3 روز میں پورے آسمان کی تصاویر لینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
نظامِ شمسی کے سیاروں کے کتنے چاند ہیں؟ تعداد جان کر حیران رہ جائیں گے
اس دوربین نے 2025ء میں کام شروع کیا تھا، 2026ء کے اوائل میں اس سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کا تجزیہ کرتے ہوئے ماہرِ فلکیات میتھیو ہولمین نے اربوں متحرک اجرام کے مشاہدات کا جائزہ لیا، جس کے دوران ای ڈی 138 کی نشاندہی ہوئی۔
میتھیو ہولمین کے مطابق ابتدائی طور پر اس دریافت پر خوش گوار حیرت ہوئی، تاہم کسی ممکنہ غلطی یا کمپیوٹر پروگرام کے نتائج میں خامی کے امکان کو جانچنے کے لیے مزید تحقیق کی۔
بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف واشنگٹن کے ماہرِ فلکیات ماریو جورک کے ساتھ مل کر اس دریافت کی تصدیق کے لیے کام کیا۔
ماریو جورک نے روبن آبزرویٹری کے ریکارڈ میں ای ڈی 138 کے مزید 20 مشاہدات تلاش کیے، جو مارچ 2026ء سے متعلق تھے۔
دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والے اعداد و شمار کی مدد سے ماہرین اس سیارے کا مدار گزشتہ 10 سال تک پیچھے جا کر متعین کرنے میں بھی کامیاب رہے۔
ای ڈی 138 کو بونے سیارے کے طور پر تسلیم کرنے کے لیے مزید مشاہدات اور تصدیق درکار ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ