جمعہ، 30 اکتوبر، 2026 · 20 جمادی الاول، 1448 ہجری

نیتن یاہو مشکل میں پڑگئے، نئی حکومت کی تشکیل کیلئے 2 اپوزیشن رہنما مل گئے

تازہ ترین
نیتن یاہو مشکل میں پڑگئے، نئی حکومت کی تشکیل کیلئے 2 اپوزیشن رہنما مل گئے

فوٹو: اسرائیلی میڈیا

اسرائیل میں پارلیمانی انتخابات کے بعد نئی حکومت کی تشکیل کے لیے سیاسی رابطے تیز ہوگئے ہیں، یاشار پارٹی کے سربراہ گادی آئزنکوٹ نے سابق وزیراعظم اور بی یاخاد پارٹی کے چیئرمین نفتالی بینیٹ سے ملاقات کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں کی ملاقات اسرائیلی شہر رعنانا میں نفتالی بینیٹ کی رہائش گاہ پر ہوئی۔

ملاقات کے بعد جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے اسرائیل میں جلد از جلد ایک اچھی حکومت قائم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔

اسرائیلی انتخابات میں عرب جماعتوں کی تاریخی کامیابی، نیتن یاہو پر نتائج متنازع بنانے کا الزام

خیال رہے کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان یہ ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب اسرائیلی انتخابات کے جزوی نتائج کے مطابق وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اتحاد کو 53 جبکہ گادی آئزنکوٹ کے زیر قیادت اپوزیشن اتحاد کو 48 نشستیں ملنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب عرب جماعتوں کی مجموعی 19 نشستیں نئی حکومت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، تاہم اس کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان اتفاق رائے ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ اسرائیل میں حکومت بنانے کے لیے 120 رکنی پارلیمنٹ کنیسٹ میں کم از کم 61 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ