جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

پاکستان ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی: مائیک ہیسن

تازہ ترین
پاکستان ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی: مائیک ہیسن

امید ہے فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے، مائیک ہیسن - فوٹو: رپورٹر

پاکستان مینز ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم نے ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیلی۔ امید ہے فائنل میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائیں گے۔

جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم ہفتے کو قذافی اسٹیڈیم میں سری لنکا کے ساتھ فائنل کھیلے گی۔ پاکستان نے مسلسل تین کامیابیوں کے ساتھ فائنل میں جگہ بنائی ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ اہم کھلاڑیوں کی نمایاں کارکردگی کے بغیر مسلسل تین فتوحات حوصلہ افزا ہیں۔ گزشتہ دو ہفتوں میں ٹیم کی مجموعی کارکردگی اطمینان بخش رہی۔

پچ کو قصور وار نہیں ٹھہرائیں گے: بیٹنگ کوچ پاکستان ٹیم

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ٹاپ تھری میں ملکی تاریخ کے دو عظیم بیٹرز موجود ہیں۔ بڑے کھلاڑیوں سے بڑے مقابلوں میں بہترین کارکردگی کی توقع ہوتی ہے۔

ہیڈ کوچ نے کہا کہ ٹاپ آرڈر کی بڑی کارکردگی کے بغیر میچز جیتنا خوش آئند ہے۔ اہم بیٹرز کے لیے فائنل میں میچ وننگ اننگز کھیلنے کا بہترین موقع ہے۔

مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ سلمان علی آغا کی مڈل آرڈر میں کارکردگی غیر معمولی رہی ہے جبکہ حسن نواز کی بیٹنگ میں بھی مسلسل بہتری آرہی ہے۔

انہوں نے کپتان کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی کی ابتدائی وکٹیں ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہیں۔ نسیم شاہ اور حارث رؤف نے بھی ٹورنامنٹ میں اچھی بولنگ کی ہے۔

پاک سری لنکا میچ میں بال پکر کا شاندار کیچ، ویڈیو وائرل

ان کا کہنا تھا کہ نوجوان کرکٹر عرفات منہاس کی کارکردگی میں بھی بہتری آرہی ہے۔

مائیک ہیسن نے کہا کہ سری لنکا کے ساتھ آخری لیگ میچ میں بیٹنگ توقعات کے مطابق نہیں رہی۔ فائنل میں کھلاڑیوں سے بھرپور واپسی کی امید ہے۔

کراؤڈ کے بارے میں بات کرتے ہوئے مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ شائقین کرکٹ نے پوری سیریز میں شاندار حمایت کی۔ لاہور اور راولپنڈی کے شائقین کی حمایت ہمیشہ شاندار رہی ہے۔ امید ہے فائنل میں شائقین کو بہترین کھیل پیش کریں گے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ