برطانوی ٹیکس ادارے کی 200 ارب پتی افراد کیخلاف کارروائی کی تیاری

برطانیہ کے ٹیکس وصولی کے ادارے ایچ ایم آر سی (HMRC) نے ملک کے 200 ارب پتی افراد کو ٹیکس سے متعلق خصوصی نگرانی کی فہرست میں شامل کر لیا۔ اس اقدام کا مقصد ٹیکس قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور قومی خزانے کی آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ادارے کے خصوصی افسران، جنہیں ’کمپلائنس منیجرز‘ کہا جاتا ہے، ملک کے امیر ترین افراد سے براہِ راست بات چیت کریں گے۔
ان ملاقاتوں کے ذریعے ان کے ٹیکس معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کی جائے گی کہ وہ اپنی قانونی ذمہ داریوں کے مطابق ٹیکس ادا کریں۔
اس اقدام کے تحت ٹیکس حکام امیر ترین افراد کے مالی معاملات پر زیادہ توجہ دیں گے تاکہ ٹیکس کی ادائیگی میں کسی ممکنہ بےضابطگی کی نشاندہی کی جا سکے اور واجب الادا محصولات کی وصولی بہتر بنائی جا سکے۔
حکام کی اس حکمتِ عملی کا بنیادی مقصد ٹیکس نظام کی نگرانی مؤثر بنانا اور سرکاری آمدنی میں اضافہ کرنا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ فہرست میں شامل تمام افراد کے خلاف کسی خلاف ورزی یا ٹیکس چوری کا الزام ہے۔
برطانوی ٹیکس ادارے کی یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی جب حکومت کے لیے سرکاری آمدنی میں اضافے اور عوامی اخراجات کے انتظام کو اہمیت حاصل ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ