گلاسگو: پاکستانی قونصل خانہ کے زیر اہتمام یومِ سیاہ کشمیر جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا

پاکستان قونصلیٹ گلاسگو میں بھارت کے جموں و کشمیر پر غیر قانونی اور غاصبانہ قبضے کے خلاف یومِ سیاہ کشمیر نہایت جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی قونصل جنرل رانا ثمر جاوید نے کہا کہ آج سے 79 سال قبل بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں زبردستی اپنی افواج داخل کر کے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا ایک طویل سلسلہ شروع کیا، جو آج بھی جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک ایسا حساس فلیش پوائنٹ ہے جو پوری دنیا کے امن کو تباہ و برباد کر سکتا ہے۔ اس موقع پر سید طفیل حسین شاہ، قونصلر ثاقب امتیاز، محمد شعیب، سید خورشید بخاری، ڈاکٹر ادریس اور مولانا شبیر ربانی نے بھی خطاب کیا۔
مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں اپنے تمام تر ظلم و ستم کے باوجود کشمیری عوام کے جذبۂ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد منصفانہ اور پائیدار حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جنوری اور اپریل 1948ء کی قرار دادوں پر عمل درآمد کرتے ہوئے کشمیری عوام کو ان کا حقِ خود ارادیت دینا ہے، بصورتِ دیگر اس خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہو سکے گا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ