دہشتگردی کیخلاف مولانا فضل نے کبھی کھل کر اسٹینڈ نہیں لیا ہمیشہ کمپرومائزڈ رہے، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف(فائل فوٹو)۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان شہدا سے متعلق جس قسم کی زبان استعمال کرتے ہیں اس پر ان کو جواب دیا ہے۔
قومی اسمبلی اظہار خیال کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ قومی معاملات پر مولانا نے ایک نیا موقف لے لیا ہے، دہشتگردی کے خلاف مولانا فضل الرحمان نے کبھی کھل کر اسٹینڈ نہیں لیا، جب بھی دہشتگردی کی بات آتی ہے تو مولانا ہمیشہ کمپرومائزڈ رہتے ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ یہ جنگ مولانا اور مولانا کے باقی جو لوگ تھے، انہوں نے 80 کی دہائی میں شروع کی، ضیاء الحق اور پرویز مشرف کی چھتری کے نیچے یہ جنگ لڑی گئی، مولانا فضل الرحمان مشرف کے اتحادی تھے۔
جے یو آئی والے گورنر راج سے پہلے کہتے تھے ہماری ان سے جان چھڑوائیں، محسن نقوی
خواجہ آصف نے کہا کہ اس وقت خیبر پختونخوا میں ان کی اور جماعت اسلامی کی حکومت تھی، مولانا کاخیال تھا پی ٹی آئی سے حکومت چھین کر ان کی جھولی میں ڈال دی جائے گی۔
وزیر دفاع نے کہا کہ میں چاہتا ہوں اسمبلی کا ماحول خراب نہ ہو، پچھلے دو سال میں پاکستان کی عزت و آبرو میں اضافہ ہوا ہے، ہم نے بھارت سے فتح حاصل کی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ ہماری صلح اور سفارتی کوششوں کو ساری دنیا تسلیم کر رہی ہے، ان کے منہ سے تعریف کا کبھی ایک لفظ نہیں نکلا، یہ پاکستان کی سیاسی جماعت ہے یا کسی اور ملک کی سیاسی جماعت ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ