جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

کیٹی زکریا کو پیئرز مورگن کوانٹرویو دینا مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا

تازہ ترین
کیٹی زکریا کو پیئرز مورگن کوانٹرویو دینا مہنگا پڑ گیا، سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق ترجمان کیٹی زکریا---فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی سابق ترجمان کیٹی زکریا کو برطانوی صحافی پیئرز مورگن کے پروگرام میں انٹرویو کے بعد ایک بار پھر شدید تنقید کا سامنا ہے۔

کیٹی زکریا نے وائٹ ہاؤس کی ترجمان کے طور پر صرف 5 دن خدمات انجام دیں، ان کی پہلی پریس کانفرنس بھی تنقید کی زد میں رہی جو صرف 14 منٹ تک جاری رہی اور اس دوران انہوں نے صرف 3 سوالات کے جوابات دیے۔

پیئرز مورگن نے حالیہ پروگرام میں گفتگو کے دوران کیٹی کو بار بار ٹرمپ کے حق میں بات کرنے اور سوالات کا رخ امریکی صدر کی کارکردگی کی جانب موڑنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

پیئرز مورگن نے کہا کہ وہ ایک روبوٹ کی طرح بات کر رہی ہیں اور سوالات کے جواب دینے کے بجائے طے شدہ باتیں دہرا رہی ہیں جبکہ کیٹی زکریا نے اس تاثر کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میں صرف صدر کی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتی ہوں۔

ٹرمپ کی مختصر ترین مدت تک خدمات انجام دینے والی پریس سیکریٹری نے خاموشی توڑ دی

پیئرز مورگن کی جانب سے ٹرمپ کے ہاتھوں برطرف کیے جانے کا ذکر کرنے پر بھی زکریا نے ملازمت سے علیحدگی کی نجی تفصیلات بتانے سے انکار کیا اور کہا کہ میں ٹرمپ کی وفادار رہی ہوں اور آئندہ بھی صدر ٹرمپ کے ساتھ وفاداری برقرار رکھوں گی۔

کیٹی زکریا کے مطابق انہیں توقع تھی کہ انٹرویو میں آئندہ وسط مدتی انتخابات پر گفتگو ہو گی تاہم پیئرز مورگن کا کہنا ہے کہ کیٹی زکریا کی برطرفی پر بات کرنے کا موضوع بھی انٹریو میں پہلے سے طے شدہ تھا۔

انٹرویو کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صارفین نے کیٹی زکریا کے اندازِ گفتگو اور ٹرمپ کے دفاع پر تنقید کی۔

دی نیوز انٹرنیشنل کی رپورٹ کے مطابق بعض صارفین نے کیٹی کے طرزِ گفتگو کو روبوٹ سے تشبیہ دی جبکہ دیگر نے کہا کہ ٹی وی انٹرویوز میں کیٹی اپنی وضاحتیں پیش کر کے خود کو مزید تنقید کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

کچھ صارفین نے کیٹی زکریا کو مزید انٹرویوز دینے سے گریز کرنے اور اس معاملے کو ختم ہونے دینے کا مشورہ بھی دیا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ