جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

ثانیہ مرزا نے مسجد کیلئے اکیڈمی کی زمین عطیہ نہیں کی: والد کی زیرِ گردش دعوؤں کی تردید

تازہ ترین
ثانیہ مرزا نے مسجد کیلئے اکیڈمی کی زمین عطیہ نہیں کی: والد کی زیرِ گردش دعوؤں کی تردید

ثانیہ مرزا اپنے والد عمران مرزا کے ہمراہ— تصویر بشکریہ سوشل میڈیا

بھارتی سابقہ ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے والد عمران مرزا نے سوشل میڈیا پر مسجد کی تعمیر کے لیے زمین عطیہ کرنے سے متعلق زیرِ گردش دعوؤں کی تردید کر دی۔

فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر عمران مرزا نے پوسٹ شیئر کی ہے۔

مذکورہ پوسٹ میں انہوں نے واضح کیا کہ محمد اظہرالدین اور ثانیہ مرزا کی وائرل تصویر مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے تیار کی گئی ہے، جبکہ زمین عطیہ کرنے کی خبر بھی جعلی ہے۔

ثانیہ مرزا بھی حکومت کیخلاف احتجاج کرنیوالے طلبہ کی حمایت میں بول پڑیں

عمران مرزا نے لکھا ہے کہ ثانیہ مرزا کے حوالے سے جھوٹی و گمراہ کن خبر گزشتہ چند روز سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس کے بارے میں میں وضاحت کرنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے لکھا ہے کہ ثانیہ کو یہ مکمل حق حاصل ہے کہ وہ اپنی یا اپنے خاندان کی خریدی ہوئی زمین کو اپنی صوابدید کے مطابق استعمال کریں، تاہم میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ جہاں ثانیہ مرزا ٹینس اکیڈمی قائم ہے، وہاں کوئی مسجد تعمیر نہیں کی جا رہی۔

عمران مرزا نے کہا ہے کہ ثانیہ ماضی میں جو سماجی یا فلاحی کام کر چکی ہیں یا مستقبل میں کریں گی، وہ ان کا نجی اور ذاتی معاملہ ہے اور رہے گا، کسی کو یہ حق نہیں کہ وہ ایسے کاموں کی تشہیر کرے، خصوصاً اس صورت میں جب ثانیہ نے خود ان کی تصدیق نہ کی ہو۔

واضح رہے کہ ٹینس کی معروف کھلاڑی ثانیہ مرزا کے حوالے سے گزشتہ چند روز سے خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے ثانیہ مرزا ٹینس اکیڈمی کی زمین مسجد کی تعمیر کے لیے عطیہ کر دی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ