شادی کی پیشکش کا منفرد انداز، امریکی شہری نے دریاؤں سے سونا تلاش کر کے محبوبہ کیلئے انگوٹھی بنوائی

امریکی ریاست کولوراڈو میں ایک شہری نے اپنی محبوبہ کو شادی کی پیشکش کرنے کے لیے ایسا منفرد طریقہ اختیار کیا کہ اس کی کہانی نے سوشل میڈیا اور میڈیا کی توجہ حاصل کر لی۔
بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق جیک ولکانی نامی شخص نے اپنی دیرینہ گرل فرینڈ جو این کو یادگار انداز میں شادی کی پیشکش کرنے کے لیے بازار سے انگوٹھی خریدنے کے بجائے کئی ماہ تک دریاؤں میں سونے کے ذرات تلاش کیے اور پھر انہی سے اپنی محبوبہ کے لیے منگنی کی انگوٹھی تیار کروائی۔
جیک ولکانی نے بتایا کہ مجھے اندازہ تھا کہ مطلوبہ مقدار میں سونا جمع کرنے میں بہت وقت لگے گا لیکن یہی مشکل مجھے اپنے ارادے پر قائم رہنے کی ترغیب دیتی رہی۔
آسٹریلوی شہری کو مٹی سے لاکھوں ڈالرز کا سونا مل گیا
انہوں نے بتایا کہ مسلسل کوششوں کے بعد جب میرے پاس کافی سونا جمع ہو گیا تو میں اسے ایک مقامی جیولر کے پاس لے گیا اور انگوٹھی بنوائی۔
جیک ولکانی نے بتایا کہ جیولر کے لیے بھی یہ ایک منفرد تجربہ تھا کیونکہ اس سے پہلے انہیں کسی ایسے شخص کے لیے انگوٹھی بنانے کا موقع نہیں ملا تھا جس نے خود سونا تلاش کر کے جمع کیا ہو، جیولر نے سونے کو پگھلا کر اس سے منگنی کی انگوٹھی تیار کی۔
رپورٹ کے مطابق انگوٹھی تیار ہونے کے بعد جیک ولکانی نے اپنی گرل فرینڈ جو این کو ایک ہائیکنگ ٹرپ پر لے جانے کا منصوبہ بنایا اور وہاں لے جا کر سب سے پہلے اسے اپنے موبائل فون پر دریاؤں کے کناروں سے سونا تلاش کرتے اپنی ویڈیو دکھائی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیک ولکانی کی گرل فرینڈ جو این ابتداء میں یہ سمجھ نہیں سکیں کہ انہیں یہ ویڈیو کیوں دکھائی جا رہی ہے لیکن جب انہیں معلوم ہوا کہ یہ تمام کوششیں ان کی منگنی کی انگوٹھی بنانے کے لیے کی گئی تھی تو وہ جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ