جمعرات، 29 اکتوبر، 2026 · 19 جمادی الاول، 1448 ہجری

سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات، کراچی میں پولنگ تاخیر کا شکار

تازہ ترین
سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات، کراچی میں پولنگ تاخیر کا شکار

سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے 27-2026ء کے لیے سالانہ انتخابات کے لیے لاہور میں پولنگ کا عمل جاری ہے تاہم کراچی میں پولنگ تاخیر کا شکار ہے۔

لاہور میں سپریم کورٹ بار کے سالانہ انتخابات کے لیے پولنگ جاری ہے، ملک بھر سے 4,634 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے، کراچی اور لاہور میں پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی جبکہ دوپہر 1 بجے کھانے کا وقفہ ہو گا۔

کراچی میں پریزائیڈنگ افسر اشتیاق میمن کے مطابق الیکشن کمیشن کا عملہ پولنگ ایجنٹس کا منتظر ہے، پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں بیلٹ کا سامان کھولا جائے گا جس کے بعد پولنگ کا آغاز ہو گا، کراچی میں سندھ ہائی کورٹ کے نیو بار روم میں پولنگ ہو گی۔

سپریم کورٹ بار انتخابات، غیر حتمی نتیجہ، ہارون الرشید بطور صدر کامیاب

پریزائیڈنگ افسران کے طور پر وائس چیئرمین سندھ بار کونسل اشتیاق میمن اور سندھ بار کونسل کے رکن امیر بخش میتلو مقرر کیے گئے ہیں۔

صدر کے عہدے کے لیے انڈیپنڈنٹ گروپ کے سید امجد علی شاہ اور پروفیشنل گروپ کے سردار امان اللّٰہ خان کے درمیان مقابلہ ہے۔

سیکریٹری کے عہدے کے لیے انڈیپینڈنٹ گروپ کے عارف اعوان اور پروفیشنل گروپ کے میاں عرفان اکرم مدِمقابل ہیں جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری کے لیے قاضی شہریار اقبال اور سائرہ خالد راجپوت میں مقابلہ ہو گا۔

فنانس سیکریٹری کے عہدے پر محمد تنویر چوہدری اور رائے اظہر اقبال کھرل کے درمیان مقابلہ ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ