بھارت: چاقو سے حملے میں شوہر بچ گیا، بیوی و جم ٹرینر گرفتار

بھارت کے شہر غازی آباد میں بیوی اور اس کے جم ٹرینر کو شوہر کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ 26 اکتوبر کی صبح پیش آیا جہاں ششانک کنتھاریا پر ان کے گھر میں چاقو سے متعدد وار کیے گئے، حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، اطلاع ملنے پر پولیس نے ششانک کو اسپتال منتقل کیا جہاں ان کی جان بچ گئی۔
پولیس کے مطابق حملہ آور کی شناخت پرتاپ سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو ششانک کی بیوی کا جم ٹرینر ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ششانک کی شادی پریا شرما سے 4 سال قبل ہوئی تھی، دونوں دہلی میں سینئر اکاؤنٹنٹ کے طور پر کام کرتے تھے، پریا گزشتہ 7 سے 8 ماہ سے اسی جم میں ورزش کے لیے جا رہی تھی جہاں پرتاپ سنگھ ٹرینر تھا۔
بھارت: خاتون نے عاشق سے ملکر شوہر کو قتل کر دیا، لاش نہر میں پھینک دی
پریا کی پہلے جم ٹرینر سے دوستی ہوئی اور بعدازاں دونوں کے درمیان محبت کا تعلق قائم ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پریا اور پرتاپ واٹس ایپ پر بھی رابطے میں تھے اور شادی کرنا چاہتے تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ششانک کو اپنی بیوی کے تعلقات کا علم ہو گیا تھا اور وہ دیوالی کے بعد کسی دوسری جگہ منتقل ہونے کا ارادہ رکھتا تھا، یہ جاننے کے بعد پریا اور پرتاپ نے مل کر ششانک کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔
پولیس کے مطابق 25 اکتوبر کو پرتاپ اور پریا نے صبح پارک میں چہل قدمی کے دوران ششانک کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔
غازی آباد پولیس کا دعویٰ ہے کہ اگلی صبح پریا نے گھر کا دروازہ کھلا چھوڑ دیا جس کے بعد پرتاپ چاقو لے کر گھر میں داخل ہوا اور ششانک پر حملہ کر دیا، پولیس نے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے واردات میں استعمال ہونے والا چاقو بھی برآمد کر لیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ