اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کا حل حکومت کی اولین ترجیح ہے، چوہدری احسان الحق

وفاقی پارلیمانی سیکریٹری برائے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز چوہدری احسان الحق باجوہ نے کہا ہے کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کا حل اور انہیں بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انھوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین پاکستان بزنس فورم یورپ سردار ظہور اقبال اور چیئرمین اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن سید قمر رضا سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔
ملاقات میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مسائل، ان کے حل، متعلقہ اداروں کے کردار اور اوورسیز پاکستانیوں کو مختلف شعبوں میں سہولیات کی فراہمی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی پارلیمانی سیکریٹری چوہدری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ان کے دروازے کھلے ہیں اور ان کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کے ازالے اور ان کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
اس موقع پر سردار ظہور اقبال نے چوہدری احسان الحق باجوہ اور سید قمر رضا کی اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کے لیے خدمات کو سراہا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ حکومتی اداروں کے درمیان مؤثر رابطے اور باہمی تعاون سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کم کرنے اور انہیں بہتر سہولیات فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومتی اداروں اور اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیموں کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے، تاکہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر پیش رفت ممکن ہو سکے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ