بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

اپر کوہستان اسکینڈل: گرفتار ملزم محمد ایاز 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

تازہ ترین
اپر کوہستان اسکینڈل: گرفتار ملزم محمد ایاز 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے

فائل فوٹو

احتساب عدالت پشاور نے اپر کوہستان اسکینڈل میں گرفتار ملزم محمد ایاز کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر قومی احتساب بیورو نیب کے حوالے کردیا۔

احتساب جج حامد مغل نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ اس موقع پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب پراسیکیوٹر کے مطابق ملزم محمد ایاز مانسہرہ کوہستان اسکینڈل میں نامزد ہونے کے بعد روپوش تھا۔ ملزم داسو برانچ کے سابق بینک کیشئر ریاض کا بھائی ہے، جس پر قومی خزانے سے 11 ارب روپے سے زائد کی رقم میں غبن کا الزام ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم محمد ایاز پر الزام ہے کہ اس نے اپنے بھائی کے اثاثے اپنے نام پر رکھے۔ ملزم سے مزید تفتیش کے لیے عدالت سے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی تھی، جس پر عدالت نے اسے 7 روز کے لیے نیب کے حوالے کردیا۔

بشکریہ روزنامہ جنگ