بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

فولڈ ایبل آئی فون کی اسکرین ٹوٹنے کی شکایات ملنے لگیں، وجہ کیا ہے؟

تازہ ترین
فولڈ ایبل آئی فون کی اسکرین ٹوٹنے کی شکایات ملنے لگیں، وجہ کیا ہے؟

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل اسمارٹ فون ’آئی فون ڈو‘ کی اندرونی اسکرین ٹوٹنے کی شکایات سامنے آنے کے بعد اس کے قبضے (ہنج) کے ڈیزائن پر سوالات اٹھنے لگے۔

ابتدائی تجزیے کے مطابق فون کے اندرونی میکانزم کا کوئی دھاتی حصہ اسکرین پر دباؤ ڈال کر اسے نقصان پہنچا سکتا ہے۔

فون کی فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی بعض صارفین نے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں اسکرین پر قبضے کے عین اوپر دراڑیں اور ڈسپلے کے دائیں حصے میں روشن لکیریں دکھائی دیں۔

فولڈ ایبل آئی فون مارکیٹ میں فروخت کیلئے پیش، چند خامیاں بھی سامنے آ گئیں

ایک آسٹریلوی صارف کے مطابق فون کھولتے وقت چٹخنے کی آواز آئی اور اسکرین ٹوٹ گئی، شکایت کرنے پر ایپل اسٹور نے فون تبدیل کر دیا۔

ماہرین کے مطابق فون کے قبضے میں موجود گیئرز، اسپرنگز اور دیگر پرزے اسکرین کو موڑنے اور بند ہونے کے دوران جگہ فراہم کرنے کے لیے کام کرتے ہیں، لیکن ممکن ہے کہ ان میں سے کوئی حصہ اندرونی اسکرین سے ٹکرا رہا ہو۔

ماہرین نے بتایا ہے کہ قبضے کی مرکزی سپورٹ بار ممکنہ طور پر فون بند ہونے پر ہر بار مناسب حد تک نیچے نہیں جاتی، اس صورت میں مڑی ہوئی اسکرین دھاتی حصے سے ٹکرا سکتی ہے، جس سے ایک محدود مقام پر دباؤ بڑھتا ہے اور اسکرین ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہو سکتا ہے، تاہم یہ خرابی کی ایک ممکنہ وضاحت ہے، حتمی طور پر ثابت شدہ وجہ نہیں۔

ایپل نے بھی تصدیق کی ہے کہ کچھ یونٹس میں آئی فون ڈو کی اندرونی اسکرین متاثر ہوئی ہے۔

فولڈ ایبل آئی فون کی بیٹری کتنی طاقتور ہے؟ صلاحیت باضابطہ طور پر سامنے آگئی

کمپنی نے ایسے صارفین کو ایپل کیئر سے رابطہ کرنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ متاثرہ فون تبدیل کیا جا سکے، تاہم کمپنی نے اب تک متاثرہ آلات کی درست تعداد یا خرابی کی حتمی وجہ نہیں بتائی۔

ماہرین کے مطابق فولڈ ایبل فونز کی لچک دار اسکرین اور پیچیدہ قبضے کا نظام نازک ہوتا ہے، اس لیے ابتدائی مرحلے میں کچھ خرابیاں سامنے آنا ممکن ہے لیکن اگر آئندہ مہینوں میں اسی نوعیت کی شکایات مسلسل سامنے آتی رہیں تو معاملہ زیادہ وسیع مسئلے کی شکل اختیار کر سکتا ہے اور واپسی یا ڈیزائن میں تبدیلی جیسے اقدامات پر غور کیا جا سکتا ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ