بھارت: سمندری طوفان ارنب آندھرا پردیش سے ٹکرا گیا، سفری نظام متاثر

سمندری طوفان ارنب بھارتی ریاست آندھرا پردیش سے ٹکرا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز طوفانی ہواؤں کے باعث درخت گر گئے، جبکہ بجلی کے کھمبے اکھڑ گئے۔
بھارتی حکام کے مطابق طوفان ٹکرانے سے قبل آندھرا پردیش اور اڑیسہ میں 1 لاکھ 80 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، دونوں ریاستوں میں تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
سمندری طوفان ’ارنب‘ کے بھارت سے ٹکرانے کا امکان، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
رپورٹس کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ طوفان کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہو گئی، بعض اسکول بند کر دیے گئے اور ٹرینیں منسوخ ہو گئیں، جبکہ آندھرا پردیش کے 3 ایئر پورٹس پر آپریشنز معطل کر دیے گئے اور ماہی گیروں کو بھی سمندر میں جانے سے روک دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق طوفان کے اثرات کے پیشِ نظر نیپال میں بھی شدید بارشوں اور برفانی طوفان کے خطرے کے باعث بلند پہاڑی علاقوں کے لیے ٹریکنگ پرمٹ کا اجراء 3 روز کے لیے معطل کر دیا گیا۔
بشکریہ روزنامہ جنگ