بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

مشرقِ وسطیٰ امریکا کے بغیر مسائل حل کر سکتا ہے: مسعود پزشکیان

تازہ ترین
مشرقِ وسطیٰ امریکا کے بغیر مسائل حل کر سکتا ہے: مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان---فائل فوٹو

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے ممالک امریکا کی مداخلت کے بغیر اپنے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ماسکو میں گیس برآمد کرنے والے ممالک کے فورم کے اجلاس کے موقع پر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات میں مسعود پزشکیان نے کہا کہ ایران اور روس کے درمیان تجارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، امریکی اقدامات خطے کے ممالک کو باہمی تعاون اور کثیر ملکی شراکت داری بڑھانے کی جانب راغب کر رہے ہیں۔

پیوٹن نے خطے کی صورتِ حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حالات مثبت سمت میں آگے بڑھیں گے۔

ہم مذاکرات کر رہے تھے، امریکیوں نے سب برباد کیا: ایرانی صدر

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے سائنس، صنعت، ثقافت، سلامتی اور فوجی امور سمیت مختلف شعبوں میں روس کے ساتھ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق روس مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے خاتمے کے لیے ثالثی کی کوششیں کر رہا ہے، یہ جنگ 28 فروری کو ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔

گزشتہ ہفتے روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاوروف نے جنگ شروع ہونے کے بعد پہلی مرتبہ ایران کا دورہ کیا، انہوں نے کہا کہ روس کی کوششوں کا مقصد بڑے پیمانے پر جنگ دوبارہ شروع ہونے سے روکنا ہے۔

اس موقع پر ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے بھی کہا کہ ایران اور روس کے درمیان تعاون پہلے کبھی اتنا قریبی نہیں رہا۔

دوسری جانب واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کئی ماہ سے تعطل کا شکار ہیں جبکہ امریکا اور اسرائیل نے ایران پر دوبارہ حملے کرنے کی دھمکیاں بھی دی ہیں۔

بشکریہ روزنامہ جنگ