بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے ضلع کچھی اور وڈھ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم 9 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کا ٹھکانہ تباہ کر دیا، جہاں فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع وڈھ میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران مزید 2 دہشت گرد مارے گئے۔
بلوچستان اور کے پی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 7 دہشت گرد ہلاک
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں کارروائیوں کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے، جبکہ علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بلوچستان میں کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے، دہشت گردی کے خاتمے، پائیدار امن کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں کامیاب آپریشنز پر سیکیورٹی فورسز کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کامیابیاں قابلِ تحسین ہیں، قوم دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں اور سہولت کاروں کو کہیں چھپنےکی جگہ نہیں ملے گی۔
بشکریہ روزنامہ جنگ