نیتن یاہو کی پارٹی کو انتخابات میں شکست نظر آنے لگی، نیا پلان تیار کرلیا

فوٹو: اسرائیلی میڈیا
اسرائیل میں جاری عام انتخابات کے دوران سیاسی تناؤ میں شدید اضافہ ہوگیا۔ موجودہ وزیراعظم نیتن یاہو کی جماعت کو شکست نظر آنے لگی ہے جس کے بعد اس نے نیا منصوبہ تیار کرلیا۔
اسرائیلی میڈیا نے بینجمن نیتن یاہو کی لیکوڈ پارٹی کے ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ عرب اکثریتی علاقوں میں قائم پولنگ اسٹیشنز پر مبینہ بدعنوانی اور جعلی ووٹنگ کے الزامات پر مبنی شکایات تیار کی جا رہی ہیں۔
اس میں مزید کہا گیا کہ نیتن یاہو کی پارٹی نے مبینہ طور پر ہزاروں متحرک کارکنوں کو ان علاقوں میں بھیجا ہے۔
اسرائیلی انتخابات میں نیتن یاہو کیلئے بڑا چیلنج بننے والے گادی آئزنکوٹ کون ہیں؟
اسرائیلی میڈیا کے مطابق لیکوڈ رہنماؤں کی اندرونی میٹنگز میں اس بات پر بات چیت کی گئی ہے کہ اگر نتائج نیتن یاہو کے خلاف آئے تو 2020ء کے امریکی صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے چلائی گئی ’انتخابات چوری ہو گئے‘ والی مہم کی طرز پر ردِعمل دیا جائے گا۔
ادھر اسرائیل کے مرکزی الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ عرب علاقوں میں بڑے پیمانے پر دھاندلی کے کوئی ثبوت موجود نہیں اور پولنگ کا عمل پہلے سے طے شدہ ضوابط کے تحت شفاف طریقے سے جاری ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ