سینٹ کام نے امریکی فوج کے پیچھے ہٹنے کا ایرانی دعویٰ مسترد کردیا

امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام ) نے آبنائے ہرمز سے امریکی فوج کے پیچھے ہٹنے کا ایرانی دعویٰ مسترد کردیا۔
ایک بیان میں سینٹکام نے کہا کہ ایرانی پاسداران انقلاب کا یہ دعویٰ جھوٹا ہے، امریکی افواج بدستور مشرق وسطیٰ میں تعینات ہیں۔
امریکی سینٹکام نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز اور اردگرد کے پانیوں میں امریکی فوجی چوکس ہیں۔
سینٹکام نے دعویٰ کیا کہ ایران نہیں، امریکی فوج آبنائے ہُرمُز کو کنٹرول کر رہی ہیں۔
دوسری طرف ایرانی بحریہ نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرانے کے بعد ایک آئل ٹینکر میں آگ لگ گئی۔ یہ آئل ٹینکر آبنائے ہرمز کے مشرق سے گزر رہا تھا جب پانی میں چھپی بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا۔
ایرانی بحریہ کے مطابق بارودی سرنگ سے ٹکرانے والا جہاز ٹریکنگ بند کر کے اس مقام سے گزر رہا تھا، اس علاقے کو ایرانی فوج نے ممنوعہ علاقہ قرار دیا ہوا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ