بدھ، 28 اکتوبر، 2026 · 18 جمادی الاول، 1448 ہجری

مریدکے: 5 سالہ بچے کے 2 گرفتار قاتل مبینہ مقابلے میں ہلاک

تازہ ترین
مریدکے: 5 سالہ بچے کے 2 گرفتار قاتل مبینہ مقابلے میں ہلاک

مریدکے میں سی سی ڈی پولیس کی کارروائی کے دوران 5 سالہ بچے عون عباس کے قاتل آصف اور منیب مبینہ مقابلے میں ہلاک کر دیے گئے۔

پولیس کے مطابق 5 سالہ عون عباس کو 2 ماہ قبل ملزمان آصف اور منیب نے اغواء کے بعد قتل کر دیا تھا۔

پولیس نے بتایا ہے کہ رتہ بھیڑ گاٶں کے رہائشی، 5 بہنوں کا اکلوتے بھائی عون عباس کو اغواء کرنے کے بعد ملزمان نے سفاکی سے قتل کر کے لاش جوہڑ میں پھینک دی تھی۔

مریدکے: ملزمان کے انکشاف پر لاپتہ 5 سالہ بچے کی لاش جوہڑ سے برآمد

پولیس کے مطابق پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے ملزمان بچے کی بازیابی کے لیے ورثاء سے 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر رہے تھے۔

پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ قتل میں ملوث گرفتار ملزمان آصف اور منیب کو شواہد کی ریکوری کے لیے پولیس لے جا رہی تھی کہ راستے میں پہلے سے گھات لگائے ملزمان کے مسلح ساتھیوں نے اپنے ساتھیوں کو پولیس کی حراست سے چھڑانے کے لیے پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران زیرِ حراست ملزمان آصف اور منیب اپنے ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ