وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف معاہدہ ہوچکا ہے اس میں کوئی خلل نہیں، ورلڈ بینک اور ایشیائی بینک کے پیسے بھی آنا شروع ہوجائیں گے۔
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے پچھلے تین مہینوں میں کوشش کی کہ درآمدات کم کریں، ہم امپورٹ کو ایکسپورٹ اور ترسیلات زر کے برابر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بہت سی چیزوں کی امپورٹ پر پابندی لگانے کا فائدہ ہوا کچھ پر نہیں ہوا، جولائی میں 2.6 ملین ڈالرز کی امپورٹ ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ بہت سے ڈیلروں نے تیل ذخیرہ کرکے رکھا ہوا تھا، قیمت بڑھنے سے انہیں فائدہ ہوا، ایک دوست ملک نے 1.2 ارب ڈالرکی تیل فنانسنگ کا کہا ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ خوشی کی بات ہے کہ اس ماہ اقدامات کا ثمر آیا ہے، سات سو ملین ڈالرز کی تیل کی امپورٹ ہوئی، دو ملین ڈالر کی دیگر امپورٹ آئی ہے، انرجی امپورٹ میں کمی آئی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ ڈسکاؤنٹ دے رہے تھے تو لوگوں نے فیول ذخیرہ کرلیا، آج پاکستان میں 60 دن کا ڈیزل ہے، انرجی امپورٹ کم ہوجائے گی۔
مفتاح اسماعیل نے آگاہ کیا کہ کوئی ایسی چیز نہیں کریں گے کہ آئی ایم ایف معاہدے میں خلل پڑے، ایک دوست ملک ایک ارب ڈالرز اسٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کرے گا۔
ملک میں ڈالر کی بڑھتی ہوئی قدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ ڈالرصرف پاکستانی روپیہ پر نہیں بلکہ دنیا کی تمام کرنسی سے آگے بڑھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام کرنسیوں کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں کمی آئی ہے، دو دن میں ڈالر میں بڑے اضافے کی وجہ سیاسی صورتحال اور ہلچل تھی۔1
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایل پی جی پر لیوی ریٹ عائد کرنے کیلئے وزارتِ پیٹرولیم کو دوبارہ جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے، پاور ڈویژن کی جانب سے کے الیکٹرک کیلئے ٹیرف ریشنلائزیشن کی سمری پیش کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس میں پاور ڈویژن کی جانب سے کے الیکٹرک کیلئے ٹیرف ریشنلائزیشن کی سمری منظور کی گئی ہے، 18 جولائی کو گندم کی درآمد کیلئے کھولے گئے ٹینڈر کی بھی منظوری دی گئی۔
مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اگست میں چیزیں ہموار ہوجائیں گی، سیاسی صورتحال نارمل ہوجائے گی، معیشت اب بھی اچھی چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ گندم کی اچھی فصل آئے، کسانوں کو سہولت دے رہے ہیں، ملک میں شوگر کی پیداوار بھی بہتر رہے گی، آج 2 لاکھ ٹن یوریا امپورٹ کی اجازت دی ہے۔
مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج 3 لاکھ ٹن گندم خریدنے کی اجازت دی ہے، حکومت نے 8 لاکھ ٹن گندم خریدی ہے تاکہ اسٹاک رہے، روس سے گندم کی امپورٹ کی بات کر رہے ہیں، ہماری ٹیکس کلیکشن بھی اچھی ہو رہی ہے۔
Comments are closed.