وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا ہے کہ ریاست کے مجرموں کو عدالت انصاف نہ دے سکی 9 مئی کے مجرموں کو سزا نہیں ملی ان پر اناللّٰہ پڑھ لی جائے۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ افواج، حکومت اور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ محرم الحرام کے ایام میں پیغام پاکستان پر عمل کیا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان علما کونسل کے تحت یکم اگست سے 30 اگست تک استحکام پاکستان علما کنونشن منعقد کیے جائیں گے۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ دوسروں کے مقدسات کی توہین نہ کریں اور نہ ہی اس سے کھیلا جائے۔ ڈنمارک میں ایک بار پھر قرآن کریم کو جلایا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کل اسلامی اتحاد کا اجلاس ہو رہا ہے جس میں مسلم امہ کے لیے بہتر فیصلے ہوں گے۔ جن ممالک میں توہین ہوتی ہے ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہا کہ شیریں مزاری اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیلئے چیف جسٹس آسکتے ہیں تو رضوانہ کیا پاکستان کی بیٹی نہیں، اس کیلئے ایکشن کیوں نہیں لیا گیا۔
طاہر محمود اشرفی کا کہنا تھا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے واقعہ پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔ اگر کسی نے جرم کیا تو اسے یونیورسٹی کے دروازے پر لٹکاؤ لیکن بچی کے گھر والوں کو خوفزدہ کرنا کہاں کا انصاف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کےلیے آئندہ آنے والے دن اہم ہیں حکومت اور فوج کے تعاون سے گرین پاکستان اہم منصوبہ ہے۔ اب معدنیات کے حوالے سے اہم عالمی کانفرنس ہو رہی ہے اس سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔
Comments are closed.