ہفتہ 10؍رمضان المبارک 1444ھ یکم؍اپریل 2023ء

9 ارکان پر مشتمل عدالتی بینچ 3 ارکان تک محدود ہو گیا ہے، شیری رحمٰن

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمٰن نے سپریم کورٹ بینچ سے متعلق ایک بیان میں کہا ہے کہ 9 ارکان پر مشتمل عدالتی بینچ 3 ارکان تک محدود ہو گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ بینچ جس طرح تنازعات، تقسیم کا شکار ہے عدلیہ کی ساکھ اور تاثر کے لیے ٹھیک نہیں۔

انہوں نے کہا کہ صاف ظاہر ہے یہ بینچ اکثریت اور غیرجانبداری کھو چکی، فیصلے سے پہلے بینچ متنازع ہو جائے تو وہ انصاف نہیں ہوتا۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ دوسری طرف حکومت، بار کونسل کی فل کورٹ بینچ کی استدعا پھر مسترد کی گئی ہے، فل کورٹ بینچ کی درخواست مسلسل مسترد ہونے پر کئی سوالات جنم لے رہے ہیں، اعلیٰ عدالت سے گزارش ہے فل کورٹ بینچ کی درخواست پر نظرثانی کرے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ صرف حکومت کا نہیں پوری قوم کا مطالبہ ہے، اس بحران کا حل کورٹ کی اجتماعی دانش میں ہے، 3 ججز پر مشتمل بینچ کا فیصلہ عدالتی اجتماعی دانش نہیں ہو سکا، معزز  ججز کو اندرونی تقسیم، تنازع زائل کرنے کے لیے ساتھ بیٹھناچاہیے۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ عدالت کو اپنی ساکھ، غیرجانبداری کا تاثر بحال کرنے کا موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.