پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو عوام پاکستان مہنگائی لیگ کو شکست دیں گے، زرداری کی محنت سے چند ماہ کیلئے ان کا وزیراعظم بن سکتا ہے تو اس دفعہ زرداری کی محنت سے وزیراعظم بھی جیالا اور وزیر اعلیٰ بھی جیالا ہوگا۔
مٹھی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو پاکستان کے عوام سرپرائز دیں گے، جو کمرے میں بیٹھ کر اپنے لیے نتائج بنوارہے ہیں ان کو جواب عوام دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے پانچ سال سلیکٹڈ راج بھگتا ہے اب آگے کوئی سلیکٹڈ راج قبول نہیں، جنہوں نے 9 مئی کو اداروں پر حملے کیے ان کو تو عوام رد کریں گے، دوسری طرف ہمارے دوست ہیں اگر وہ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی کی نقل کرکے الیکشن لڑیں گے یہ ناکام ہوں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کسان، ہاری اور غریب کو طاقتور بنایا، کوئی ہمارا سیاسی مخالف نہیں ہے، غربت اور مہنگائی مخالف ہے، ہم اس کا مقابلہ کریں گے، ہم مزدور کی تنخواہ کو دُگنا کریں گے، ہم بینظیر انکم سپورٹ کارڈ کی طرح ہاری کارڈ بنائیں گے، ہاری کارڈ سے سبسڈی براہ راست ہاری کے پاس جائے گی، مزدور کاعلاج اور بچوں کی تعلیم کی ذمہ داری بھی حکومت کی ہوگی، پسماندہ اور غریب طبقہ کا خیال رکھنا ہے۔
پی پی چیئرمین نے ہندو کمیونٹی کو دیوالی کی مبارک باد بھی دی اور کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو نے برابری کی سیاست سکھائی ہے ،ہم رنگ و نسل اور مذہب کسی فرق میں یقین نہیں رکھتے، پیپلز پارٹی نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو رد کیا ہے، بھارت پاکستان کو انتہاپسند دکھانے کی کوشش کرتا ہے، مودی سرکار اور اس کی جماعت اقلیت کی نمائندہ نہیں، میں نے بھارت میں جاکر مہیش ملانی کا ذکر کیا تھا، پیپلز پارٹی کا امیدوار مہیش ملانی جنرل سیٹ پر الیکشن میں کامیاب ہوا۔
بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ ابھی تو انتخابی مہم شروع بھی نہیں کی اور مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنا دیا، خاتون انجینئر اور ٹرک ڈرائیور بھی تھرپارکر سے تعلق رکھتی ہیں، عوام کی حکومت آنے والی ہے، اشرافیہ کو نہیں، عوام کو فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عوام 8 فروری کو بھی اسی جذبہ سے نکلیں، تھرپارکر کیلئے مزید کام کرنا باقی ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے نا مکمل مشن کو مکمل کریں گے، میرا خاندان تین نسلوں سے غربت کے خاتمے کی جدوجہد کر رہا ہے۔
Comments are closed.