اتوار30؍صفر المظفر 1445ھ17؍ستمبر 2023ء

6 ملکی فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان ویمن ٹیم سعودی عرب روانہ

سعودی عرب میں ہونے والے 6 ملکی فرینڈلی فٹبال ٹورنامنٹ میں شرکت کیلئے پاکستان ویمن فٹبال ٹیم سعودی عرب روانہ ہوگئی۔

سعودی عرب میں 18 سے 30 ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں شریک ہوں گی جس میں پاکستان اور میزبان سعودی عرب کے علاوہ ملائیشیا، لاؤس، لبنان اور بھوٹان شامل ہیں۔

ایونٹ کےلیے پی ایف ایف نے گزشتہ روز 22 کھلاڑیوں کا اعلان کیا تھا۔ قومی اسکواڈ سپورٹنگ اسٹاف کے ساتھ ہفتے کی شام لاہور سے سعودی عرب روانہ ہوا۔

ٹیم کو پہلے جمعہ کی شام ہی روانہ ہونا تھا لیکن ایئرلائن کی جانب سے فلائٹ شیڈول تبدیل کردیا گیا تھا اور پی ایف ایف کو اس کی اطلاع نہیں دی گئی تھی جس کی وجہ سے قومی فٹبالرز جمعہ کو ایئرپورٹ سے واپس آگئے تھے۔

طائف میں ہونے والے ایونٹ میں پاکستان کی ٹیم پہلا میچ 21 ستمبر کو ملائیشیا اور دوسرا میچ 24 ستمبر کو سعودی عرب کے خلاف کھیلے گی۔

گروپ میں ٹاپ ٹو پوزیشن پر آنے کی صورت میں پاکستان سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کرے گا، ورنہ پانچویں پوزیشن کےلیے دوسرے گروپ پر تیسرے نمبر کی ٹیم سے مقابلہ کرے گا۔

ایونٹ کےلیے اعلان کردہ پاکستان ویمن ٹیم میں گول کیپرز میں نیشا اشرف، رومیسا خان اور مافیہ پروین، ڈیفینڈرز میں ملیکہ، مشال بھٹی، صوفیہ قریشی، نزالیہ صدیقی، نورین بیگ اور سارا خان کو شامل کیا گیا ہے۔

مڈفیلڈ کےلیے کپتان ماریہ خان، علیحہ علاؤالدین، کائنات بخاری، رامین فرید، ماروی بیگ اور علیزہ صابر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ فارورڈز میں صنوبر عبدالستار، زہمینہ ملک، ذولفیا نذیر، عالیہ صادق، انمول ہیرا، سوہا ہیرانی اور اسرا خان ٹیم میں شامل ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.