51 ڈالر کا عطیہ، 12 سال قید کی سزا: امریکی شہریت رکھنے والی روسی رقاصہ جس کا عطیہ ’غداری‘ تصور کیا گیا
- مصنف, پال کربی اور برینڈن ڈرینن
- عہدہ, بی بی سی نیوز
- 2 گھنٹے قبل
یوکرین کے حمایتی ایک خیراتی ادارے کو 51 ڈالر عطیہ دینے پر روس کی ایک عدالت نے رقاصہ کسینیا کیریلینا کو غداری کے جرم میں بارہ برس قید کی سزا سنائی ہے۔کیریلینا کے پاس روس اور امریکہ دونوں ممالک کی شہریت ہے۔ انھیں خفیہ یا ان کیمرہ عدالتی کارروائی کے بعد گذشتہ ہفتے قصوروار قرار دیا گیا۔وہ طویل عرصے سے لاس اینجلس میں رہائش پذیر رہیں اور انھیں 2021 میں امریکی شہریت مل گئی۔ انھیں گذشتہ برس جنوری میں اس وقت گرفتار کر لیا گیا جب وہ اپنے خاندان والوں سے ملنے کے لیے امریکہ سے روس میں اپنے آبائی گھر آئی ہوئی تھیں۔
ان کا آبائی علاقہ یکاتیرینبرگ ماسکو سے کوئی 1600 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔استغاثہ نے عدالت سے 15 برس قید کی سزا کی استدعا کی تھی۔ عدالت نے انھیں قصوروار قرار دیتے ہوئے انھیں 12 سال کے لیے جیل بھیج دیا۔کیریلینا پر روس کی ایف ایس بی سکیورٹی سروس نے یوکرین کی ایک خیراتی تنظیم کے لیے فنڈ جمع کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔ روسی سکیورٹی سروس کے مطابق یہ خیراتی ادارہ یوکرین کی فوج کو ہتھیار فراہم کرتا ہے۔کیریلینا کے وکیل میخائل میشائلوف کا کہنا ہے کہ وہ اس سزا کے خلاف اپیل کریں گے۔خیراتی تنظیم ’ریزم فار یوکرین‘ کا رواں برس کے آغاز پر کہنا تھا کہ وہ کریلینا کی گرفتاری کی خبر سن کر خفا ہیں اور اس تنظیم نے اس بات کی بھی تردید کی کہ اس نے فوجی مقاصد کے لیے اس رقم کو استعمال کیا۔ تنظیم کا کہنا ہے اسے امریکہ سے فنڈز ملتے ہیں جسے وہ خیراتی کاموں اور آفات میں استعمال میں لاتی ہے۔کیریلینا پر جون میں اسی عدالت میں مقدمہ چلایا گیا جس میں وال سٹریٹ جرنل کے رپورٹر ایون گرشکووچ تھے جنھیں جاسوسی کے الزام میں جیل بھیج دیا گیا تھا لیکن اس ماہ کے آغاز میں امریکہ اور دیگر مغربی ممالک کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے بعد روس نے انھیں رہا کر دیا۔ ،تصویر کا ذریعہGetty Images
،تصویر کا ذریعہGetty Images
BBCUrdu.com بشکریہ
body a {display:none;}
Comments are closed.